چکوال،ناجائز تجاوزات کیخلاف آپریشن کا فیصلہ کن مرحلہ آگیا ،چوہدری حیدر

چکوال،ناجائز تجاوزات کیخلاف آپریشن کا فیصلہ کن مرحلہ آگیا ،چوہدری حیدر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ناجائز تجاوزات کیخلاف آپریشن کا فیصلہ کن مرحلہ آگیا ہے۔ بھون روڈ پر ناجائز تجاوزات کے معاملات سول عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اور عدالتوں نے حکم امتناعی جاری کر رکھا ہے جبکہ دوسری طرف1900کنال سرکاری اراضی کو جعلسازی کے ذریعے فروخت کیے جانے کے سکینڈل میں اس وقت متاثرین کی تعداد10ہزار کے قریب ہے جنہوں نے چار روپے کے اشٹام پیپرز پر تھوڑی تھوڑی جگہ خرید کر اپنی زندگی بھر کی کمائی لگا رکھی ہے۔ بدھ کے روز ایم پی اے چوہدری لیاقت علی خان اور ایم این اے بیگم عفت لیاقت کی طرف سے چوہدری حیدر سلطان نے ڈی سی اوچکوال محمود جاوید بھٹی سے اہم ملاقات کی۔ مسلم لیگ تحصیل چکوال کے رہنما ملک کفایت حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملاقات کے بعد چوہدری حیدر سلطان نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ انتظامیہ کے ساتھ یہ معاملہ طے پاگیا ہے کہ کسی غریب کے گھر کو مسمار نہیں کیا جائے گا اور جن عناصر نے سرکاری اراضی فروخت کی ہے ان کیخلاف بلا تفریق اور بلا امتیاز کارروائی کی جائے اور ان کیخلاف فوج داری مقدمات درج کیے جائیں۔ جبکہ متاثرین سے سرکاری اراضی واگزار کرانے کے متبادل آپشن طے کیے جائیں۔ چوہدری حیدر سلطان نے بتایا کہ چھپڑ بازار چکوال کے تاجروں کیلئے ان کی دکانوں کے اوپر بارش اور دھوپ سے بچاؤ کیلئے شیڈ لگانے کی اصولی منظوری دے دی گئی ہے اور اس ضمن میں تاجر اور ٹی ایم اے کے درمیان باہمی مذاکرات ہونگے۔ چوہدری حیدر سلطان نے مزید بتایا کہ تحصیل آفس چکوال میں اشٹام فروشوں کے لگائے جانے والے کھوکھے ہٹا کر اسٹام فروش اپنے شیڈ بنائیں گے۔ چوہدری حیدر سلطان نے مزید کہا کہ انتظامیہ کے ساتھ ریڑھی بانوں اور ٹھیہ بانوں کیلئے متبادل جگہ فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ ہو چکا ہے اور اسکے لیے آئندہ تین چار روز تک مناسب جگہ تلاش کر لی جائے گی۔ ادھر سرکاری اراضی فروخت کرنے والے قبضہ گروپ کے گھروں میں صف ماتم بچھی ہے اور اس ضمن میں انتظامیہ کی طرف سے جلد فوجداری مقدمات درج کرانے کا سلسلہ شروع ہوگا۔