نیو ٹیک میں جاب سنٹر کاقیام قابل تحسین اقدام ہے،بلیغ الرحمن

نیو ٹیک میں جاب سنٹر کاقیام قابل تحسین اقدام ہے،بلیغ الرحمن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) نیوٹیک ہیڈ کوارٹر میں انجینئر بلیغ الرحمن وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے جاب پلیس منٹ سنٹر اور کیریئر کونسلنگ ڈیسک کاافتتاح کیا ۔ اس موقع پر نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے وزیر مملکت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جاب پلیسمنٹ سینٹر میں تقریباً 5لاکھ ہنر مند نوجوانوں کا ڈیٹا موجود ہے اور وہ نوجوان جو اپنی تربیت مکمل کرچکے ہیں انہیں روزگار کے حصول کیلئے ادھر اُدھر پوچھنے کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ ملک کے کسی بھی کونے میں موجود صنعتکار اور آجر کو ایک بٹن دبانے سے تمام ڈیٹا تک رسائی ہوگی اور وہ اپنی ضرورت کے مطابق ان ہنر مند نوجوانوں سے رابطہ کرسکیں گے اور انہیں روزگار فراہم ہوگا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سینٹر میں نوجوانوں کی Career Counselling بھی کی جائے گی اور نوجوانوں کی رہنمائی کیلئے مس سلمیٰ جبین Counselling Officerکے طور پر تعینات کی گئی ہیں ۔ اس موقع پر انجینئر بلیغ الرحمن نے نیوٹیک کے اس اقدام کو سراہا اور فنی صلاحیت کی حامل افرادی قوت کو ملکی سماجی و معاشی ترقی کا پیش خیمہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ جاب پلیسمنٹ سینٹر کا قیام نوجوانوں کی رہنمائی اور ان کے روزگار کے حصول کو یقینی بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے جس سے نہ صرف TVET سیکٹر بلکہ صنعتکاروں اور آجر وں کو بھی فائدہ ہوگا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نیوٹیک کے ڈیٹا کو آن لائن Placement Centresکے ساتھ بھی لنک کیا جائے تاکہ سسٹم میں مزید بہتری لائی جاسکے ۔ تقریب میں معروف صنعتکاروں اور آجروں سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔