مردم شماری کرانے کیلئے پارلیمنٹ کو متفقہ فیصلہ کرنا ہو گا،خورشید شاہ

مردم شماری کرانے کیلئے پارلیمنٹ کو متفقہ فیصلہ کرنا ہو گا،خورشید شاہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد(آئی این پی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مردم شماری وقت کی اہم ضرورت ہے،18سال ہوگئے آبادی میں بے پناہ اضافہ ہورہاہے،چھوٹے صوبے بھی تحفظات کا اظہارکررہے ہیں اگر حکومت ایک مرحلے میں مردم شماری نہیں کراسکتی تو2مراحل میں کرائے،حکومت پی آئی اے کی تو نجکاری کررہی ہے مگر پاکستان ایئرویز بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، حکومت پی آئی اے کا خسارہ کم کرے،فیشن ڈیزائننگ کے کالجز بند کئے جارہے ہیں ،تعلیم میں مالیاتی نقصان سے اداروں کو بند نہیں کرنا چاہئے۔وہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اظہارخیال کررہے تھے،قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ مردم شماری کا اہم مسئلہ ہے،بلوچستان اور سندھ کے وزرائے اعلی کے بیانات بھی آچکے ہیں،ہمارے مستقبل کا دارومدار مردم شماری پرہے اور شماریاں ڈویژن میں افسران کی تعداد اورنگرانی کے حوالے سے بھی سوالات جنم لے رہے ہیں،18سال گزرچکے ہیں مردم شماری نہیں ہوئی اورآبادی میں بے ہنگم اضافہ ہورہاہے،آج آبادی کے بارے میں بتایا جاتاہے کہ20کروڑ آبادی ہے،اس قومی مسئلہ پر ہمیں منفی سیاست نہیں کرنی چاہئے،میں حکومت کی کی کارکردگی کو سراہتاہوں کہ وہ مردم شماری کرنے جارہے ہیں،مردم شماری سے ہم معاملات کو حل کرسکتے ہیں،ملک میں زراعت،صنعت اور دیگر شعبوں میں ترقی کیلئے بھی مردم شماری ایک اہم اوزار ہوگا،اوراس ایوان کو مشترکہ اورمتفقہ طورپر مردم شماری کرانے کیلئے عوامی مفاد میں فیصلے کرنے ہونگے،فوج کی طرف سے بھی3لاکھ75ہزارجوان مردم شماری کیلئے نہیں دیئے جاسکتے،حکومت کو مردم شماری کو2مراحل میں کرائے تاکہ فوج کی کمی کا سامنا نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ2011میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ڈیزائننگ کے کالجز بنائے گئے تھے مگر اب ان کو بندکیا جارہاہے،تعلیم میں مالیاتی نقصان سے اداروں کو بند نہیں کیاجانا چاہئے،صرف لاہور میں چلایا جائے گا،باقی اضلاع میں اسے ختم کیاجائیگااور2سال سے تعلیمی ادارے میں داخلے پر بھی پابندی ہے،نئی پاکستان ایئرویز لائن بنائی گئی ہے،پی آئی اے کی توہم نجکاری کررہے ہیں اورنئی ایئرلائن بنائی گئی ہیں۔