جناح ہسپتال کینسر کے علاج کیلئے سائیکلوٹرون یونٹ فراہم کیا جائیگا ،گورنر سندھ

جناح ہسپتال کینسر کے علاج کیلئے سائیکلوٹرون یونٹ فراہم کیا جائیگا ،گورنر ...

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ جناح اسپتال میں کینسر کے مریضوں کے علاج کے لئے اگلے 6 ماہ کے اندر سائیکلوٹرون یونٹ فرہم کردیا جائے گا جس کے بعد یہ کینسر سینٹر ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ مرکز بن جائے گا اور پاکستان میں اپنی نوعیت کا جدید ترین سینٹر ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے مختلف وارڈز اور شعبہ حادثات کے دورے کے دوران کیا ۔صوبائی وزیر صحت جام مہتاب ڈھر، کمشنر کراچی سید آصف حیدر شاہ ، اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر انیس بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقہ کے عوام بہتر علاج معالجہ کی امیدمیں سرکاری اسپتالوں کا رخ کرتے ہیں اور جناح اسپتال کی او پی ڈی میں 5000 مریضوں کی روزانہ آمد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ انہیں اسپتال میں موجود مختلف امراض کے ماہرین اور یہاں فراہم کی جانے والی سہولیات پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے اسپتال میں مریضوں کے داخلہ کی شرح کو 100 فی صد کرنے کی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔ انہوں نے اسپتال میں صحت و صفائی کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے، مریضوں کو تمام ادویات کی اسپتال سے فراہمی، کھانے کی سہولت دینے اور مختلف نوعیت کے بروقت تشخیصی ٹیسٹ کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ گورنر سندھ نے کسی قدرتی حادثے ، یا دہشت گردی کے واقعہ کی صورت میں جناح اسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا اور کہا کہ جناح استپال کی ایمرجنسی دیگر طبی مراکز کے لئے ایک قابل تقلید مثال ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جناح اسپتال نہ صرف کراچی اور صوبہ سندھ بلکہ پاکستان بھر کے مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جناح اسپتال میں سائبر نائف (Cyber knife) سے بھی سرجری کی جدید ترین سہولیات کی فراہمی ممکن ہوئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جناح اسپتال میں 609 بستروں پر مشتمل نئی 8 منزلہ بلڈنگ کی تعمیر کے بعد مریضوں کو مزید طبی سہو لیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے گی ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سائبر نائف سے روزانہ 10 مریضوں کی سرجری بھی نہایت خو ش آئند ہے اور اس سہولت سے آپریشن کی ضرورت رکھنے والے مریض مستفید ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی نہا یت قابل تحسین ہے کہ جناح اسپتال میں پیٹ اسکین pet scan کی سہولت مریضوں کو بلا معاوضہ فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں گورنر سندھ نے مزید کہا کہ جناح اسپتال کو جدید ترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ یہاں مزید مریضوں کو علاج معالجہ کی مزید سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔ گورنر سندھ کو اس موقع پر اسپتال کی نئی بلڈنگ میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی گئی ۔ انہیں بتایا گیا کہ جناح اسپتال کو سہولیات کی فراہمی کے لئے نجی شعبہ اور مخیر افراد کا تعاون حاصل ہے جن کی مالی مدد سے اسپتال کے کئی شعبوں میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اس موقع پر مزید بتایا گیا کہ پیٹ اسکین (pet scan) کے لئے فنڈز تقریباً جمع ہوچکے ہیں اور یہ سہولت جلد جناح اسپتال میں علاج کے لئے آنے والے مریضوں کو فراہم کردی جائے گی۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال کی صوبہ کو منتقلی کے بعد اسے فراہم کئے جانے والے فنڈز میں دگنا اضافہ کیا گیا ہے اور آج کے اس دورے کا مقصد ان فنڈز سے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینا ہے۔ اسپتال کے مسائل کے حل کے حوالے سے ایک سوال پر گورنر سندھ نے کہا چونکہ اسپتال کے متعلقہ کئی فریق عدالت میں گئے ہوئے ہیں اور مختلف معاملات پر عدالت نے اسٹے آرڈر دیا ہوا ہے جس کی وجہ سے کئی مسائل حل نہیں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ تمام فریق عدالت سے اپنا کیس واپس لینے کے لئے تیار ہیں مسائل کو جلد از جلد حل کیا جاسکے گا۔ انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ اسپتالوں، پارکوں اور سفری سہولیات کے منصوبوں کے ان کے دورے کا مقصد کراچی کے عوام کے لئے ترقیاتی منصوبوں اور سہولیات کو جلد از جلد بہتر بنانا ہے آپریشن کے باعث شہر میں امن و امان کی صورت حال نمایاں طور پر بہتر ہوچکی ہے اور اب ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال میں اسٹاف اور ڈاکٹرز کی کمی کو دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔اس موقع پر سپتال کی جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیمی جمالی نے گورنر سندھ کو شعبہ حادثات میں مریضوں اور زخمیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -