نائی گنج ڈیم پر غلط بریفنگ، عابد شیر علی نے حکام کو ٹوک دیا، 3 مرتبہ سائٹ پر گیا صرف مٹی کے ڈھیر نظر آئے: وزیر مملکت
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے نائی گنج ڈیم کے حکام کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کو غلط بریفنگ دینے سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کے اجلاس میں نائی گنج ڈیم حکام نے منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ڈیم پر اب تک 47 فیصد کام ہو چکا ہے جس پر وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیر علی نے حکام کو بریفنگ کے دوران ٹوک دیا اور کہا کہ آپ قائمہ کمیٹی کو غلط بریفنگ دے رہے ہیں میں 3 مرتبہ سائٹ پر گیا اور صرف مٹی کے ڈھیر نظر آئے۔علاوہ ازیں کمیٹی ارکان نے ایجنڈے کی دستاویز تاخیر سے ملنے پر احتجاج کیا جس پر عابد شیر علی نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کہ آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔