دہشتگرد نہیں ،ٹاڈا کورٹ سے بری ہوا تھا: سنجے دت
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ اداکار سنجے دت نے کہا ہے کہ 1993 بم دھماکوں کے کیس میں میرے حوالے سے بات نہ کی جائے دہشتگرد نہیں ہوں ،ٹاڈا کورٹ سے بری ہوا تھا۔
جیل سے رہائی پانے کے بعد اپنے گھر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنجو بابا کا کہنا تھا کہ مشہورشخصیت ہونے کی وجہ سے کیس میں کوئی مددنہیں ملی۔جیل سے باہر نکلنا آسان کام نہیں ہے ،میں اپنے فینز کا بہت شکر گزار ہوں جن کی دعاوں کی وجہ سے آج میں جیل سے باہر آیا ہوں ۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار سنجے دت کو 1993 میں ہونے والے بم دھماکوں کے ملزمان سے غیر قانونی اسلحہ خریدنے پر 6 سال قید کی سزا ہوئی تھی تاہم 2007 میں وہ 18 ماہ کی قید کے بعد ضمانت پر رہا ہو کر جیل سے باہر آگئے تھے جس کے بعد انڈین سپریم کورٹ نے ان کی سزا میں ایک سال کی کمی کردی تھی جس کے بعد انہیں 2013 میں باقی سزا پوری کرنے کیلئے دوبارہ جیل میں ڈال دیا گیا تھا تاہم جیل میں اچھے چال چلن اور مثبت رویے کی وجہ سے انہیں ڈیڑھ سال قبل ہی جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔