ہائی کورٹ :نیب سے متعلق وزیراعظم کے بیان کے خلاف درخواست پر جواب طلب
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم کی جانب سے نیب کے معاملات میں مبینہ مداخلت کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور چیئرمین نیب سے جواب طلب کر لیاہے۔جسٹس شاہد وحید کے روبرو درخواست گزار گوہر نواز سندھو نے مو قف اختیار کیا کہ نیب آزاد اور خودمختار ادارہ ہے۔ وزیراعظم کے ماتحت نہیں، اس ادارے کے معاملات میں مداخلت کا وزیراعظم کو کوئی اختیار حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوانین کے تحت نیب کو کسی بھی شخص، انتظامی اور سیاسی عہدیدار کے خلاف کارروائی اور تحقیقات کا مکمل اختیار حاصل ہے۔ وزیراعظم نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے اپنی ایک تقریر میں نیب کو تنبہیہ کی جو کہ نیب کے معاملات میں براہ راست مداخلت کے مترادف ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وزیراعظم کو نیب کے معاملات میں مداخلت سے روکنے کا حکم دیا جائے جس پر عدالت نے وفاقی حکومت، چیئرمین نیب اور دیگر مدعاعلیہان سے تین ہفتوں میںجواب طلب کر لیا۔