سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کو ہرممکن سہولیات دی جائیں گی
لاہور(کامرس رپورٹر) ایس ایم ای بینک کے صدر احسان الحق خان نے لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان سے ملاقات میں کہا ہے کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کو ہرممکن سہولیات دی جائیں گی اور اس سلسلے میں لاہور چیمبر کی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر ملک طاہر جاوید، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین طاہر منظور چودھری اور عدنان خالد بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایس ایم ای بینک کے صدر نے کہا کہ لاہور چیمبر کی فیڈ بیک بہت اہمیت کی حامل ہے اور اس سے بینک کی کارکردگی مزید بہتر کرنے میں مدد ملے گی، ایس ایم ای بینک چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی ہر ممکن طریقے سے معاونت کررہا ہے۔ لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر امجد علی جاوا نے کہا کہ ایس ای بینک کا قیام چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو بڑھانے اور ان کی مالی معاونت کے لیے قائم کیا گیا تھا مگر دیکھنے میں آیا ہے کہ ابھی تک حاصل کردہ نتائج اس قدر حوصلہ افزاء نہیں ہیں، بینک کی فنانشل پالیسی واضح طور پر نظر آنی اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو جلد قرض ملنے چاہئیں جبکہ قرضوں کے اجراء کا عمل آسان ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر ملک کا پہلا چیمبر تھا جس نے ایس ایم ای بینک کی نجکاری کی مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری سے ایس ایم ای سیکٹر کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے صدر ایس ایم بینک کو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبر میں ایک سہولیاتی مرکز قائم کیا گیا ہے جہاں سمیڈا اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے نمائندے لاہور چیمبر کے ممبران کو آگاہی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایس ایم ای بینک کا نمائندہ بھی اس ڈیسک پر خدمات دے تو نہ صرف ممبران کو ضروری معلومات براہِ راست میسر آئیں گی بلکہ بینک کو بھی نئے کلائنٹس تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔