آپریشن رد الفساد وقت کی اہم ضرورت ہے: پیاف
لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) نے کہا ہے کہ ملک میں بچے کھچے دہشت گردوں کے صفایا کے لئے آپریشن رد الفساد وقت کی اہم ضرورت ہے۔کاروباری برادری پاکستان کی معیشت اور سا لمیت کمزور کرنے سے متعلق دشمنان کا ایجنڈا کسی طور بھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ بزنس کمیونٹی حالیہ دہشت گردی کی لہر کے باوجود معیشت کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور معاشی استحکام متاثر نہیں ہونے دے گی۔معاشرتی و معاشی لحاظ سے ایک مظبوط پاکستان ہی دہشت گردی کے خاتمے میں بھرپور کردار ادا کر سکتا ہے۔ حالیہ واقعات کے تناظر میں پنجاب میں رینجرز آپریشن کا فیصلہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا مدبرانہ فیصلہ ہے۔
چیئر مین پیاف عرفان اقبال شیخ نے سیئنر وائس چیئر مین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئر مین خواجہ شاہزیب اکرم کے ہمراہ ایک پریس ر یلیز جاری کرتے ہوئے حالیہ دہشت گردی لہر بارے کہا کہ کاروباری برادری کو ان بزدلانہ کاروائیوں سے خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا۔ملکی تحفظ کے لئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہو گا اور سکیورٹی کے سلسلے میں حکومتی اقدامات کی تائید کرتے ہیں ار دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔