ایبک پولو کپ،2میچوں کے نتائج

ایبک پولو کپ،2میچوں کے نتائج

لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام ہمدان ہولڈنگز ایبک پولو کپ 2017ء کے چوتھے روز دو زبردست میچز ہوئے۔ پہلے میچ میں اتحاد ٹیکسٹائلز نے ماسٹر پینٹس (بلیک)کو جبکہ دوسرے میچ میں ماسٹر پینٹس /نیوایج نے باڑیز کی ٹیم کو ہرا کر مین فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں ہمدان ہولڈنگز ایبک کپ جاری ہے۔ چوتھے روز دو دلچسپ میچز ہوئے۔ پول اے میں ماسٹر پینٹس (بلیک) اور اتحاد ٹیکسٹائلز کے درمیان اگلے چار چکروں کیلئے میچ ہوا۔ پورے آٹھ چکروں کے رزلٹ کے بعد اتحاد ٹیکسٹائلز کی ٹیم نے 13-9 سے میچ جیت کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ آج ماسٹر پینٹس (بلیک ) کی ٹیم قدرے بہتر کھیلی مگر فائنل تک نہ پہنچ سکی اور اب سب سڈری فائنل کھیلے گی۔

اتحاد ٹیکسٹائلز کی طرف سے ثاقب خان خاکوانی نے تین جبکہ گائے گلبرٹ نے دو گول سکور کیے۔ ماسٹر پینٹس (بلیک) کی طرف سے ماریکلو پاسکل نے چار ، بلال حئی نے دو جبکہ احمد علی ٹوانہ نے ایک گول سکور کیا۔ دوسرے میں باڑیز اور ماسٹر پینٹس /نیوایج کی ٹیم میں خوب مقابلہ ہوا۔ میچ کا فیصلہ آخری چکر کے آخری لمحات میں ہوا اور ماسٹر پینٹس /نیوایج کی ٹیم نے 5-4 سے میچ جیت کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا جبکہ باڑیز کی ٹیم سب سڈری فائنل کھیلے گی۔ ماسٹر پینٹس /نیوایج کی طرف سے خوان کروز لوساڈا نے جاندار کھیل پیش کیا اور چار خوبصورت گول سکور کیے جبکہ حسام علی حیدرر نے ایک گول سکور کیا۔ باڑیز کی طرف سے جارج میرک اور حمزہ مواز خان نے دو دو گول سکور کیے۔

Ba

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...