ویسٹ ایشیا بیس بال کپ میلہ آج اسلام آباد میں سجے گا

ویسٹ ایشیا بیس بال کپ میلہ آج اسلام آباد میں سجے گا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سپورٹس رپورٹر)ویسٹ ایشیا بیس بال کپ کا میلہ آج اسلام آباد میں سجے گا ،ویسٹ ایشیا بیس بال کپ میں6ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی ۔ایشیائی ایونٹ میں پاکستان اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔ایونٹ میں شرکت کے لیے عراق، نیپال اور سری لنکا کو پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے ویزے جاری کئے جاچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر پاکستان بیس بال فیڈریشن خاور شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ا نہوں نے کہا کہ ہم پر امن قوم ہیں ،سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی دی جائیگی۔دہشت گردی کی تازہ لہر کے باوجود پاکستان کی کھیلوں کی تنظیمیں ملک میں انٹرنیشنل اسپورٹس کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں، پی سی بی نے جہاں 5 مارچ کو پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کا اعلان کررکھا ہے وہاں پاکستان بیس بال فیڈریشن بھی ویسٹ ایشیا بیس بال کپ کا میلہ اسلام آباد میں سجانے کے لیے تیار ہے۔یاد رہے کہ ایشیائی ایونٹ 25 فروری سے یکم مارچ تک پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلا جائے گا جس میں 6 ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی، ان ممالک میں میزبان پاکستان، بھارت، ایران، عراق، سری لنکا اور نیپال شامل ہیں۔، گزشتہ ایڈیشن میں پاکستان نے چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ویسٹ ایشیا بیس بال کا حصہ بننے کے لیے عراق، نیپال اور سری لنکا کو پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے ویزے جاری کیے جاچکے ہیں۔
، ایران نے20 فروری کو ویزوں کے حصول کے لیے اپلائی کیا تھا، ایران سمیت بھارت کو بھی ویزے ایک، دو روز تک جاری ہوں گے۔ایونٹ کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے حکومت پنجاب سمیت وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی ایجنسیاں حرکت میں ہیں اور ایئرپورٹ سے اسٹیڈیم تک کے روٹس، مقابلوں کے مقام اور پلیئرز کے ٹھہرنے کی جگہ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔علاوہ ازیں ویسٹ ایشیا بیس بال کے لیے قومی ٹیم کا اسلام آباد میں جاری کیمپ23 فروری کو ختم کردیا تھا ۔ فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی26 رکنی حتمی ٹیم کا اعلان پہلے ہی کرچکی ہے۔ مہمان ٹیموں کی پاکستان آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اسی روز صدر پاکستان بیس بال فیڈریشن پریس کانفرنس کریں گے اور ایونٹ کے حوالے سے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔صدر فیڈریشن خاور شاہ کا کہنا ہے کہ ایشیائی ایونٹ کا کامیاب انعقاد کرانے کے بعد پوری دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ پاکستان کھیلوں کے حوالے سے محفوظ ملک ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم پر امن قوم ہیں اور مہمان نوازی کرنا جانتے ہیں، انٹرنیشنل ٹیموں کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ سانحہ لبرٹی کے بعد بھی لاہور سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں انٹرنیشنل ایونٹس کا کامیاب انعقاد کرچکے ہیں۔