چالان فیس خوردبرد سکینڈل ، ایل ڈی اے کے 7افسر ذمے دار نکلے ، 5کا اعتراف جرم

چالان فیس خوردبرد سکینڈل ، ایل ڈی اے کے 7افسر ذمے دار نکلے ، 5کا اعتراف جرم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور ( اپنے خبر نگار سے)ا یل ڈی اے میں کمرشل فیس کے چالانوں کی جعلی تصدیق کرنے کے اسکینڈل کی ابتدائی تحقیقات مکمل کرلی گئیں۔ ایل ڈی اے کی اعلیٰ سطح کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی ، ایک افسرسمیت7 اہلکار ذمہ دار قرار دے د یے گئے۔ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹرغلام اصغرملک،ریونیوکلرک نے صحت جرم سے انکارکردیا ہے جبکہ سہیل اقبال،عاصم نعمان ڈار،عثمان لطیف، نبیل اورعثمان شیخ نے اقرار جرم کرلیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملوث افسراورملازمین نے گلبرگ ،اقبال ٹاؤن ، گارڈن ٹاؤن سمیت دیگر سکیموں کے کمرشل کیسوں میں کروڑوں روپے کے چالانوں کی جعلی تصدیق کی ۔چالانوں کے عوض بیس کروڑ کی خطیر رقم سرکاری خزانے میں بھی جمع نہیں کرائی گئی جبکہ کمرشل لیٹر جمع کرانے کے بعد ڈیٹا کمپیوٹر سے اڑا دیا جاتا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ تین سو سے زائد کمرشل کیسزکی ٹمپر شدہ فائلیں بھی ریکارڈ سے غائب کردی گئیں جومبینہ طورپرسابق ڈائریکٹرٹاؤن پلاننگ اور کمرشلائزیشن اپنے ہمراہ لے گئے ہیں۔ انکوائری کمیٹی نے ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش کردی ۔ سابق ڈائریکٹر کمرشلائزیشن و ٹاؤن پلاننگ رائے محمد اشرف بھی سکینڈل میں ملوث پائے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی نے سکینڈل کی ابتدائی رپورٹ ڈی جی ایل ڈی اے کوپیش کردی ہے۔