30اہلسنت جماعتیں ’’دہشتگردی مٹاؤ ملک بچاؤ تحریک ‘‘ چلائیں گی

30اہلسنت جماعتیں ’’دہشتگردی مٹاؤ ملک بچاؤ تحریک ‘‘ چلائیں گی

 لاہور(وقائع نگار)سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام جامعہ رضویہ میں منعقدہ اہلسنّت جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ 30اہلسنّت جماعتیں ’’ دہشتگردی مٹاؤ ملک بچاؤ تحریک ‘‘ چلائیں گی۔ آپریشن ردّ الفساد کی حمایت پوری قوم پر فرض ہو چکی ہے۔ انتہا پسندانہ مائنڈ سیٹ اور طالبانی سوچوں کے خلاف آگاہی مہم شروع کی جائیگی۔ امن پسندی کا شعور پھیلانے اور اسلام کی تعلیمات امن کو اجاگر کرنے کیلئے ملک بھر میں ایک ہزار کانفرنسیں ، سیمینارز اور مذاکرے منعقد کئے جائیں گے ۔ دہشتگردوں کے فکری و نظریاتی ردّ کیلئے لٹریچر شائع کیا جائے گا اور دہشتگردی کے خلاف اور امن کے حق میں مسلسل 6ماہ خطبات جمعہ دیئے جائیں گے۔ اسلام کی تعلیمات امن کے موضوع پر تحریری و تقریری مقابلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ مزارات اولیاء کی سیکیورٹی رینجرز کے سپرد کی جائے۔ روحانی آستانوں کی سیکیورٹی کیلئے ریٹائرڈ فوجیوں پر مشتمل سپیشل فورس قائم کی جائے۔ حکومت بھارتی سپانسرڈ دہشتگردی کے خلاف عالمی سطح پر سفارتی مہم چلائے۔ حکومت بھارت اور افغانستان کی حکومتوں کو پاکستان میں دہشتگردی بند کرنے کی وارننگ دے۔اہلسنّت جماعتوں کا مشترکہ اجلاس سنی اتحادکونسل کی دعوت پر جامعہ رضویہ میں منعقد ہو ا ۔ اجلاس کی صدارت سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کی۔اجلاس میں جماعت اہلسنّت پنجاب کے صدر مفتی محمد اقبال چشتی،نیشنل مشائخ کونسل کے چیئرمین خواجہ غلام قطب الدین فریدی ، انجمن طلباء اسلام کے مرکزی صدر سید بو علی شاہ ، مرکزی جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ بیرسٹر حسین رضا، نظام مصطفی پارٹی پنجاب کے چیف آرگنائزر سیدآفتاب عظیم بخاری، پاکستان فلاح پارٹی کے سیکرٹری جنرل امانت علی زیب، تحفظ ناموس رسالت محاذ کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد علی نقشبندی، مصطفائی تحریک کے سیکرٹری جنرل ممتاز ربانی، شیران اسلام کے صدر خواجہ ناصر رحمانی، تحریک فروغ اسلام کے صدر مفتی مشتاق احمد نوری ، مرکزی مجلس چشتیہ کے سربراہ پیر طارق ولی چشتی، سنی علماء بورڈ کے علامہ حامد سرفراز قادری، سنی علماء مشائخ کونسل کے صدر پیر میاں غلام مصطفی، تنظیم المساجد پاکستان کے صاحبزادہ حسن رضا، جانثاران ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا سیف سیالوی کے علاوہ انجمن نوجوانان اسلام ، انجمن خدام اولیاء، بزم محدث اعظم ، انجمن رضائے مصطفی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پوری قوم انسداد دہشتگردی کے خلاف فوج کا ساتھ دے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...