این اے 114 کے لئے پانچ ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

این اے 114 کے لئے پانچ ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

لاہور(کامرس رپورٹر) وزیر اعظم کی طرف سے حلقہ این اے 114 کے لئے پانچ ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی جس میں سڑکیں اور سوئی گیس کی فراہمی شامل ہے ۔ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ( ن ) یوتھ ونگ اوورسیز کے صدر زاہد علی خان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے رواں سال کے لئے وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کی خصوصی درخواست پر ان کے آبائی شہر پسرور کے حلقہ این اے 114 کے لئے پانچ ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی ہے ۔ ترقیاتی منصوبوں میں گیارہ کروڑ روپے کی گرانٹ سے سٹیڈیم ، پسرور شہر میں سات کروڑ روپے واٹر سپلائی پائپ لائن کے لئے مختص کئے گئے ہیں ۔ دس کروڑ روپے سے پورے حلقہ میں چھ کلومیٹر جبکہ پسرور شہر کے لئے پندرہ کلومیٹر تک گیس پائپ لائن بچھائی جائے گی ۔

زاہد علی خان نے میڈیا کو بتایا کہ ہمارا خاندان 1952 ء سے عوام کی خدمت اور علاقے کی تعمیر و ترقی کے کئے کوشاں ہے ۔ میرے پردادا خان بہادر شاہ نواز خان اور دادا حامد نواز خان ممبران اسمبلی رہے اس کے بعد میرے والد وفاقی وزیر قانون زاہد حامد تیسری بار رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا علاقے کی تعمیر و ترقی کے لئے کئے جانے والے اقدامات عوام جانتے ہیں اس کے لئے ہمیں اپنے کسی سیاسی مخالف سے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے ہم مخالفین کی باتوں پر دھیان دینے کی بجائے اپنی تونائیاں عوام کی خدمت اور علاقے کی ترقی پر صرف کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان ہمیشہ خود قانون توڑتے ہیں اور سول نافرمانی کا نعرہ عمران خان کے علاوہ کسی سیاسی رہنما نے نہیں لگایا۔ ملکی تاریخ میں کبھی کسی سیاسی جماعت نے کسی منتخب حکومت کے خلاف سول نافرمانی کی تحریک چلانے کا نعرہ نہیں لگایا۔انھوں نے کہا کہ عمران خان ہمیشہ خود قانون توڑتے ہیں۔زاہد علی خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین نے اسمبلیوں سے استعفے دیئے لیکن وزیراعظم نواز شریف نے یہ استعفے منظور نہیں ہونے دیئے کیونکہ وزیراعظم نوازشریف کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بناتے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...