شدید لڑائی کے بعد عراقی فوج مغربی موصل میں داخل،متعدد علاقے آزاد کروالیے
بغداد(مانیٹرنگ ڈیسک)عراقی فوج پانچ روز کے زبردست فضائی اور بری حملوں کے بعد مغربی موصل میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئی ہے،شہر کے مغربی علاقے کو شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے قبضے سے آزاد کرانے اور اس پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کے لیے پانچ روز قبل آپریشن شروع کیا گیا تھا۔عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق عراقی فوج نے موصل کے ایئر پورٹ کو دولتِ اسلامیہ کے قبضے سے ایک روز قبل ہی آزاد کروایا ہے،اس آپریشن کے تحت فوج کو پہلے ریگستانی علاقوں سے ہوتے ہوئے کھیتوں کی جانب بڑھنا پڑا اور اب اس کے بعد زیادہ آبادی والے شہر میں داخل ہونا ہے جہاں شدید لڑائی کا امکان ہے۔عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے اعلان کیا ہے کہ عراقی فضائیہ نے پہلی بار شام کے اندر دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانوں پر بھی بمباری کی ہے، ان حملوں میں دولتِ اسلامیہ کے ان دو ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جنھیں اس نے بغداد میں بم دھماکے کرنے کے لیے استعمال کیا تھا۔