’’ریڈیکل مسلم دہشتگردوں‘‘ کوامریکہ سے دور رکھنے میں کامیاب ہو جائینگے:ٹرمپ

’’ریڈیکل مسلم دہشتگردوں‘‘ کوامریکہ سے دور رکھنے میں کامیاب ہو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وعدہ کیا ہے کہ وہ داعش کو مکمل طور پر ختم کر دیں گے اور ’’ریڈیکل مسلم دہشت گردوں‘‘ کو اپنے ملک سے پوری طرح دور رکھنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے آج جمعہ کے روز واشنگٹن کے قریب نیشنل ہاربر پر سالانہ کنزریٹو پولیٹیکل ایکشن کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اپنے حامیوں کے اس پر جوش اجتماع میں یہ اعلان بھی کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف چند روز میں ’’بالکل نئی کارروائی‘‘ شروع کی جائے گی، تاہم انہوں نے اس کی مزید وضاحت نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کی برائی کا مکمل قلع قمع کر دیں گے۔ صدر ٹرمپ نے اپنی تقریر میں بتایا کہ ان کی انتظامیہ قعم کی مسلح افواج کی تعمیر نو کیلئے اقدامات کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس کا شمار تاریخ میں فوجی قوت میں اضافے کے سب سے بڑے اقدامات میں ہوگا۔ انہوں نے سویڈن اور جرمنی سمیت یورپ میں ہونے والی تازہ دہشت گرد کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ھم نے امریکہ کو محفوظ رکھنا ہے اور اس کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ایک بار پھر میڈیا کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ملک دشمن، بددیانت اور جعلی ہے۔ انہوں نے خاص طور پر بے نامی ذریعوں والی خبروں پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

مزید :

صفحہ آخر -