پارلیمانی سیکرٹریٹ برائے پائیدار ترقیاتی اہداف کاایک سال مکمل

پارلیمانی سیکرٹریٹ برائے پائیدار ترقیاتی اہداف کاایک سال مکمل

اسلام آباد (اے پی پی) قومی اسمبلی میں پارلیمانی سیکرٹریٹ برائے پائیدار ترقیاتی اہداف کے قیام کو ایک سال مکمل ہوگیا۔ یہ سیکرٹریٹ فاٹا، گلگت بلتستان، آزاد جموں وکشمیر سمیت تمام صوبوں کے 120 ارکان پارلیمنٹ پر مشتمل ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اس سیکرٹریٹ کی سربراہ رکن قومی اسمبلی و وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات وقومی ورثہ مریم اورنگزیب ہیں۔ اس سیکرٹریٹ کے قیام کی بدولت دنیا بھر میں پاکستان کو منفرد اعزاز حاصل ہوا۔ ارکان قومی اسمبلی نے سپیکر سردارایازصادق کو اس انفرادی کام کی تکمیل اور عالمی برادری میں پاکستان کے وقار میں اضافہ پر مبارکباد پیش کی ہے۔ پارلیمانی پائیدار ترقیاتی اہداف سیکرٹریٹ ارکان پارلیمنٹ کو انسانی ترقی کے اعدادوشمار (این ڈی آئی) ، شواہد پر مبنی قانون سازی کرنے اور پارلیمنٹ میں جامع نقطہ نظر پیش کرنے میں معاونت فراہم کرتا ہے۔ اس سیکرٹریٹ نے اپنے قیام کے ایک سال کے دوران ایم ڈی جیزٹو ایس ڈی جیز کانفرنس، ملاوٹ پر قومی کانفرنس کے علاوہ ایڈز، ویکسینیشن، پانی اور سیوریج تک رسائی، معیاری تعلیم، اربن پلاننگ اور صنفی امتیاز کے چیلنجز جیسے مسائل اجاگر کرنے کیلئے مختلف کانفرنسوں کا انعقاد کیا۔ اس سیکرٹریٹ نے ایس ڈی جیز ٹاسک فورس کے ارکان کی اس حوالے سے بھی معاونت کی کہ قانون سازی میں کون کون سے خلا( گیپ)موجود ہیں اور انہیں پر کرنے کیلئے کس طرح نئی قانون سازی کی جاسکتی ہے یا ترامیم کے ذریعے کس طرح یہ خلا پر کئے جاسکتے ہیں۔ یہ سیکرٹریٹ ایک مستند اور شاندار سنٹر کے طور پر سامنے آرہا ہے اور ڈیٹا کی تلاش، اس کا جائزہ لینے اور لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے سماجی ترقیاتی ایجنڈا کو آگے بڑھانے میں بھرپور مددگار ثابت ہوگا۔

مزید : صفحہ آخر


loading...