پنجاب پولیس کا رکردگی رپورٹ، 27ہزار 975شکایات درج ، 31فیصد درخواستیں جھوٹی قرار
لاہور(نامہ نگار خصوصی )پنجاب پولیس کی کارکردگی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ کو ارسال کر دی گئی ہے ،پنجاب پولیس کے خلاف 2016ء کے آخر تک 5 ہزار 233 شکایات زیر التوا رہیں، پنجاب پولیس کے خلاف روزانہ 200سے زائدشکایات درج ہو نے کی رپورٹ تیار کی گئی ہے جبکہ لاہور کے شہریوں نے سب سے زیادہ شکایات پنجاب پولیس کے خلاف درج کروائی ہیں،تفصیلات کے مطابق آئی جی کمپلینٹ سنٹر کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ کو بھجوائی گئی پنجاب پولیس کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق 2016ء میں پنجاب پولیس کے خلاف 27 ہزار 975 شکایات درج کی گئی ہیں جبکہ لاہور پولیس کے خلاف سب سے زیادہ 4 ہزار 119 شکایات آئی جی آفس کو موصول ہوئیں اور گوجرانوالہ پولیس کے خلاف 3ہزار 519شکایات درج کروائی گئیں جبکہ فیصل آباد پولیس 3ہزار 124شکایات کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی، ملتان پولیس کے خلاف 3ہزار 58، ساہیوال پولیس کے خلاف 2 ہزار 428،شیخوپورہ پولیس کے خلاف 2 ہزار 423 ،بہاولپور پولیس کے خلاف 2 ہزار 275، ڈی جی خان پولیس کے خلاف 2 ہزار 36 ، راولپنڈی پولیس کے خلاف ایک ہزار682 اور سرگودھا پولیس کے خلاف ایک ہزار 450 شکایات درج کی گئیں، پنجاب پولیس کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق 2016ء میں مقدمات درج نہ کرنے پر 11ہزار 607 ، پولیس افسروں کی پیشہ وارنہ غفلت پر 5 ہزار 63 اور ناقص تفتیش پر ایک ہزار 949شکایات آئی جی پنجاب کو موصول ہوئیں ، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس افسروں کے خلاف 31فیصد درخواستیں جھوٹی قرار دے کر خارج کی گئیں جبکہ 10فیصد درخواستیں پولیس کے دائرہ اختیار سے باہر قرار دے کر خارج کی گئیں اور 2016ء میں 12فیصد شکایات راضی نامہ کی بنیاد پر نمٹائی گئیں۔