ہائیکورٹ بار انتخابات ، 21ہزار 481رجسٹرڈ وکلاء حق رائے دہی استعمال کرینگے

ہائیکورٹ بار انتخابات ، 21ہزار 481رجسٹرڈ وکلاء حق رائے دہی استعمال کرینگے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(نامہ نگار خصوصی ) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات آج 25فروری کو لا ہور ہائیکورٹ بارمیں رینجرز اور سیکورٹی اداروں کے سخت حفاظتی انتظامات میں منعقد ہوں گے ۔پولنگ صبح 9 بجے سے شام 5بجے تک جاری رہے گی.۔بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ہونے والے انتخابات میں لاہور ہائیکورٹ بار کے 21 ہزار 481رجسٹرڈ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے اپنی نئی قیاد ت کا چناؤ کریں گے۔پولنگ کیلئے چودہ پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے۔ جن میں ایک بوتھ خواتین وکلاء ووٹرز کے لئے مختص ہوگا ۔ لاہور ہائیکورٹ بار کے امیدواروں کی طرف سے رات گئے تک انتخابی سرگرمیاں جاری رہیں۔چار عہدوں صدر، نائب صدر، سیکرٹری اور فنانس سیکرٹری کے لئے چودہ ا میدوارمیدان میں ہیں ۔ صدر کے عہدے کے لئے چار، نائب صدر کے لئے دو، سیکرٹری کے لئے پانچ اور فنانس سیکرٹری کے لئے تین ا میدوار انتخابات میں حصہ لیں گے۔تفصیلات کے مطابق صدر کے عہدے کے جن چار امیدواروں میں مقابلہ ہوگا ۔ان میں عا صمہ جہا نگیر اور احسن بھون گروپ کے ایم رمضان چودھری اور حامد خان گروپ کے چودھری ذوالفقارعلی کے علاوہ پیپلز لائرز فورم کے سردار خرم لطیف کھوسہ اور آذر لطیف خان شامل ہیں، نائب صدر کے لئے راشد لودھی اور چوہدری محمد سلیم کے درمیان مقابلہ ہوگا۔سیکرٹری کے ا میدواروں میں عرفان ناصر چیمہ، عامر سعید راں، حسن اقبال وڑائچ، ملک زاہد اسلم اعوان اور میاں مظفر حسین شامل ہیں، فنانس سیکرٹری کے عہدے کے لئے ظہیر بٹ، انتظار حسین کلیار اور حافظ اللہ یار سپرا کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
انتخابات


لاہور(نامہ نگار خصوصی )وزارت داخلہ نے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے آج25فروری کوہونے والے انتخابات کے لئے رینجرز کی دو پلٹون تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے ، لاہور پولیس اور رینجرز اہلکار مل کروکلاء کے بڑے اجتماع کی حفاظت کریں گے ۔سانحہ چیئرنگ کراس اور ڈی ایچ اے دھماکے کے بعد لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کے حوالے سے سکیورٹی خدشات کا اظہار کیا جا رہا تھا جس پر ہائیکورٹ انتظامیہ، ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور سکیورٹی حکام کے مابین طے پایا کہ بار الیکشن کیلئے رینجرز کی سکیورٹی طلب کی جائے، تفصیلی مشاورت کے بعد ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو مراسلہ بھجوایا گیا اور ہوم سیکرٹری پنجاب نے رینجرز تعینات کرنے کی منظوری دیتے ہوئے ہائیکورٹ انتظامیہ کی درخواست وزارت داخلہ کو بھجوا دی، وزارت داخلہ نے رینجرز تعینات کرنے کی منظوری دیتے ہوئے مراسلہ لاہور ہائیکورٹ انتظامیہ کو بھجوا دیا ہے، مراسلے کے مطابق رینجرز کی دو پلٹون کل لاہور ہائیکورٹ بار کے انتخابات سکیورٹی ڈیوٹی کریں گی اور رینجرز اہلکار صبح 7بجے سے قبل لاہور ہائیکورٹ پہنچ جائیں گے ، لاہور پولیس اور رینجرز کے اہلکار مل کر شہر میں وکلاء کے بڑے اجتماع کی حفاظت کریں گے ، وکلاء کی سکیورٹی کیلئے لاہور ہائیکورٹ اور اردگرد کی عمارتوں پر سنائپرز بھی تعینات کئے جائیں گے ۔
لاہور ہائیکورٹ بار

مزید :

علاقائی -