حکومت نے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرکے اپنا وعدہ پورا کر دیا ‘ گورنر

حکومت نے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرکے اپنا وعدہ پورا کر دیا ‘ گورنر

ملتان ( سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملتان سے صوبائی اسمبلی کے رُکن رانا محمود الحسن کی قیادت میں 20رُکنی مسلم لیگی رہنماؤں کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ممبرز صوبائی اسمبلی حاجی احسان الدین قریشی، رانا طاہر شبیر، وائس چیئرمین سوہاوہ چوہدری(بقیہ نمبر16صفحہ12پر ) راشد، اوورسیز پاکستانی ناصر وارثی، نعیم قریشی اور دیگر اہم کارکن بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرکے موجودہ حکومت نے ایک اور وعدہ پورا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوں کا نظام کسی بھی طرح سے عوام کے لئے نعمت سے کم نہیں اور اس سے ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت ہی ملک کے تمام مسائل کا واحد اور ہم سب کو اپنے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری قیادت اپنے کارکنوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملتان میں جدید ٹرانسپورٹ کی شکل میں میٹربس سروس پنجاب حکومت کا بہت بڑا تحفہ ہے اور اس سے ہر شعبہ ہائے زندگی کے افراد فائدہ اٹھائیں گے۔ اس موقع پر وفد کے سربراہ ممبر صوبائی اسمبلی رانا محمود الحسن نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ میٹر بس سروس سے جہاں عام لوگ مستفید ہورہے ہیں اس سے وہاں کے طلباء اور طالبات کو بھی معیاری اور سستی سہولیات میسر آرہی ہیں جس کا کریڈٹ موجودہ حکومت کو جاتا ہے۔ وفد نے گورنر پنجاب کو درپیش مختلف مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد ہی عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے جس کے لئے تمام تر وسائل کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

مزید : ملتان صفحہ آخر


loading...