مردم شماری‘ سیکرٹری تعلیم سکولز پنجاب کے احکامات نظر انداز کیے گئے
ملتان (سٹاف رپورٹر )سیکرٹری تعلیم سکولز پنجاب کے احکامات نظر انداز کر دیئے گئے ‘ ملتان سمیت صوبے بھر میں ہیڈ ماسٹروں کی ڈیوٹیاں بھی لگا دی گئیں‘ کئی سکولوں میں آدھے سٹاف کو مردم شماری کا پابند کر دیا گیا ‘ بتایا گیا ہے کہ سیکرٹری تعلیم سکولز پنجاب نے ملتان سمیت صوبے بھر کے چیف (بقیہ نمبر20صفحہ12پر )
ایگزیکٹو آفیسر ز کو لیٹر لکھا تھا جس میں ہدایت کی گئی تھی کہ مردم شماری میں سکول ہیڈ ماسٹروں کی ڈیوٹیاں نہ لگائی جائیں ‘میٹر ک کی امتحانی ڈیوٹی دینے والے اساتذہ سے مردم شماری نہ کرائی جائے ‘ اس کے علاوہ جن پرائمری سکولوں میں 3سے4اساتذہ ہیں ‘ ان میں سے صرف ایک ٹیچر کی مردم شماری کی ڈیوٹی لگائی جائے جبکہ کسی بھی سکول کا 25فیصد سے زائد سٹاف مردم شماری کے لئے نہ بھیجا جائے تاکہ سکولوں میں پڑھائی متاثر نہ ہو مگر سیکرٹری تعلیم سکولز پنجاب کے ان احکامات کی دھجیاں بکھیر دی گئی ہیں‘ ملتان سمیت صوبے بھر میں ہیڈ ماسٹروں کی ڈیوٹیا ں بھی لگا دی گئی ہیں ‘ میٹرک کی امتحانی ڈیوٹی دینے والے بعض اساتذہ کی مردم شماری میں بھی ڈیوٹی لگا دی گئی ہے ‘اس کے علاوہ کئی سکولوں کے 25فیصد سے زائد اساتذہ کو مردم شماری کے ڈیوٹی پلان میں شامل کیا گیا ہے ‘ بیشتر سکولوں کے تو50 فیصد اساتذہ کی مردم شماری کی ڈیوٹی لگا دی گئی ہے جس کے باعث سکولز سربراہان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے کہ بڑی تعداد میں اساتذہ کے مردم شماری کی ڈیوٹی پر جانے سے طلبہ کی پڑھائی متاثر ہوگی اور یہ بات کوئی نہیں سوچے گا جبکہ ناقص امتحانی نتائج پر سکولز سربراہان اور کلاس انچارجز کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی ۔