زندگی میں کامیابی کیلئے نظم و ضبط اور کردار کی تعمیر ضروری ہے‘ انجینئر بلیغ الرحمن

زندگی میں کامیابی کیلئے نظم و ضبط اور کردار کی تعمیر ضروری ہے‘ انجینئر بلیغ ...

بہاولپور(بیورورپورٹ)وزیر مملکت برائے تعلیم و امور داخلہ انجینئر بلیغ الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہماری قوم کا مستقبل روشن ہے۔ ملک تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور آج ابھرتے ہوئے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کار دلچسپی لے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے صادق پبلک سکول بہاول پور کے 63ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر بہاول پوررانا محمد سلیم افضل، ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی، شہزادہ عثمان داؤد عباسی، صاحبزادہ قمر الزماں(بقیہ نمبر21صفحہ12پر )

عباسی، سابق سفیر مسعود اختر آفریدی، حبیب اللہ بھٹہ، طلبا و طالبات کے والدین اور عمائدین شہر کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔وزیر مملکت انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا کہ زندگی میں کامیابی کے لیے نظم وضبط اور کردار کی تعمیر ضروری ہے اورصادق پبلک سکول یہ فریضہ بطریق احسن انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صادق پبلک سکول میں صحیح اور غلط میں فرق کے شعور کی بیداری، احترامِ انسانیت اور خودشناسی کی تعلیم دی جارہی ہے اور یہ ادارہ قائدِ اعظم کے اصولوں اور نواب سر صادق محمد خان عباسی خامس کی بصیرت کے مطابق پروان چڑھ رہا ہے۔ انہوں نے پرنسپل صادق پبلک سکول پروفیسر نعمان احمد قریشی اور اساتذہ کے کردار کی تعریف کی۔ اس موقع پر پرنسپل پروفیسر نعمان احمد قریشی نے استقبالیہ کلمات میں سکول کے ترقیاتی کاموں کے حوالہ سے آگاہ کیا ۔ قبل ازیں وزیر مملکت انجینئر بلیغ الرحمٰن نے سکول پریڈ کا بھی معائنہ کیا اور سلامی لی۔ بعد ازاں انہوں نے طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کیے اور سکول کے زیر اہتمام منعقد ہ سائنسی اور فنی نمائش بھی دیکھی۔

مزید : ملتان صفحہ آخر


loading...