کومبنگ آپریشن ، مظفر گڑھ میں 6دہشتگرد ہلاک ، افغان باشندوں سمیت درجنوں گرفتار

کومبنگ آپریشن ، مظفر گڑھ میں 6دہشتگرد ہلاک ، افغان باشندوں سمیت درجنوں ...

راولپنڈی ،پشاور ،مظفر گڑھ،کراچی (اے این این)ملک بھر میں سکیورٹی فورسز کا کومبنگ آپریشن جاری ٗ دہشت گردوں پر زمین تنگ ہونے لگی ٗ مختلف علاقوں سرچ آپریشن کے دوران افغان باشندوں سمیت 50 سے زائد مشتبہ افراد گرفتار ٗمظفر گڑھ میں چھاپے کے نتیجے میں 6 دہشت گرد ہلاک ٗ قبضے سے بھاری اسلحہ برآمد ٗ تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ٗراولپنڈی میں بھی سرچ آپریشن ٗ بدنام زمانہ ملزم گلاب زرخان کے ڈیرے سے غیر قانونی گیٹ وے ایکسچینج پکڑ لیا گیا ٗ محکمہ انسداد دہشتگردی پشاور نے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ٗ اچینی خوڑ سے بارودی مواد سمیت دہشتگرد گرفتار ٗکراچی کے مختلف علاقوں سے غیر قانونی طور پر مقیم 6 غیر ملکی باشندے گرفتار ٗکنواری کالونی میں پولیس کا کومبنگ آپریشن ، 20 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کے خلاف کومبنگ آپریشن جاری ہے ۔مظفرگڑھ کے علاقے پتی سلطان محمود شرقی میں سی ٹی ڈی نے آپریشن کر کے 6دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ہلاک دہشت گردوں سے5دستی بم،4رائفلز،3پستول اوردیگراسلحہ برآمد ہوئی۔سی ٹی ڈی کا کہنا ہے اہلکاروں نے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا،ان کے تین ساتھی فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔چنیوٹ کے بھوآنہ، صدر، کانڈیوال اور دیگرعلاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 14ملزمان کو گرفتار کیا۔گرفتار ملزمان سے اسلحہ اورمنشیات بھی برآمد ہوئی۔سرچ آپریشن میں121مشکوک افراد کی بائیومیٹرک تصدیق کی گئی ۔کراچی کے مختلف علاقوں سے غیر قانونی طور پر مقیم 6 غیر ملکی باشندے گرفتار کر لئے گئے ، کنواری کالونی میں پولیس کا کومبنگ آپریشن ، 20 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔ ایف آئی اے کے انسداد انسانی سمگلنگ سیل نے الآصف سکوائر سے 4 افغان باشندوں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا جبکہ گبول ٹاؤن پولیس نے بھی دو غیر ملکی باشندوں کو حراست میں لے لیا جن کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ منگھوپیر کنواری کالونی میں پولیس نے کومبنگ آپریشن کرتے ہوئے 20 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا ۔ ایس حسن سردار نے بتایا کہ کارروائی نیشنل ایکشن پلان کے تحت کی گئی منصوبی بندی کا حصہ ہے ۔ ادھر راولپنڈی کے علاقے پیرودہائی میں رینجرزکومبنگ آپریشن کے دوران بدنام زمانہ ملزم گلاب زرخان کے ڈیرے سے غیر قانونی گیٹ وے ایکسچینج پکڑا گیا۔راولپنڈی کے علاقے پیرودہائی میں رینجرزکے کومبنگ آپریشن نے پولیس کارکردگی کا پول کھول دیا، علاقے میں پولیس کی جانب سے کئے گئے سیکڑوں سرچ آپریشنزکاغذی کارروائی نکلے۔ رینجرزنے جمعرات اورجمعے کی درمیانی شب کومبنگ آپریشن کے بدنام زمانہ ملزم گلاب زرخان کے ڈیرے پر بھی چھاپہ مارا اورکارروائی کے دوران ڈیرے سے غیر قانونی گیٹ وے ایکسچینج پکڑ لیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ غیرقانونی گیٹ وے ایکسچینج پی ایس ایل اور بین الاقوامی کرکٹ میچزپرجوا اورحوالہ و ہنڈی کے لیے استعمال کیا جاتا تھا، اس کے علاوہ یہاں سے ہی بے نظیر انکم سپورٹ کے جعلی میسجز کے ذریعے سادہ لوح لوگوں سے رقم ہتھیائی جاتی تھی۔ اس کے علاوہ آپریشن کے دوران 9 پستول اورایک ایس ایم جی بھی برآمد کر لی گئی جسے تھانہ پیر ودہائی منتقل کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پولیس نے اس سے قبل علاقے میں سیکڑوں آپریشن کئے لیکن درحقیقت گلاب زرخان کے خوف سے پولیس کبھی ڈیرے میں داخل نہیں ہوسکی اورنا ہی علاقے میں متعدد آپریشنز کے دوران ایکسچینج پکڑسکی تھی۔ دوسری جانب محکمہ انسداد دہشتگردی پشاور نے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ۔ اچینی خوڑ سے بارودی مواد سمیت دہشتگرد گرفتار کرلیا گیا ۔ محکمہ انسداد دہشتگردی کی بروقت کارروائی سے پشاور بڑی تباہی سے بچ گیا ۔ سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اچینی خوڑرنگ روڈ سے دہشتگرد کو گرفتار کرلیا ۔ دہشتگرد نعمت اللہ عرف فدائی کی تحویل سے بارودی مواد بھی برآمد کرلیا گیا ۔ سی ٹی ڈی کے مطابق کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والا دہشتگرد افغانستان کا رہائشی ہے اور وہ یکہ توت میں رہائش پذیر تھا ۔ ملزم کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام منتقل کر دیا گیا ۔

مزید : صفحہ اول


loading...