رفعت عباس ڈٹ گئے، اشو لال فقیر بھی پرائیڈ آف پنجاب ایوارڈ لینے سے انکاری

رفعت عباس ڈٹ گئے، اشو لال فقیر بھی پرائیڈ آف پنجاب ایوارڈ لینے سے انکاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان (سٹی رپورٹر)رفعت عباس نے پرائڈ آف پنجاب ایوارڈ مسترد کرکے پورے سرائیکی وسیب کی ترجمانی کی ہے ۔ پنجاب کے جس ادارے کی طرف سے یہ ایوارڈ اناؤنس کیا گیا وہ ادارہ سرائیکی وسیب کے ساتھ ایک عرصہ دراز سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہا ہے وہ سرائیکی وسیب سے فراڈ کر رہا ہے ۔ یہ ادارہ فنڈز سرائیکی کے استعمال کرتا ہے اور پروموٹ پنجابی کو کرتا ہے ۔ پنجاب انسٹیٹیوٹ لنگوئج آرٹ اینڈ کلچر (پلاک) جب وجود میں لایا گیا تو کہا گیا کہ یہ ادارہ صوبے کی تمام زبانوں کیلئے ہوگا۔ پوٹھوہاری ، سرائیکی کو پورا حق ملے گا ۔ جس طرح لاہور میں دفتر ہوگا اسی طرح کا خود مختار دفتر ملتان میں ہوگا جو صرف سرائیکی کے لئے کام کرے گا ۔ اسی طرح کا دفتر راولپنڈی میں ہوگا جو صرف پوٹھوہاری کے لئے کام کرے گا ، مگر پندرہ سال بیت گئے ان ظالموں نے لاہور کیلئے سب کچھ کر لیا مگر سرائیکی، پوٹھوہاری کو کچھ نہیں ملا ، ہم برابری کا فنڈ چاہتے ہیں ، ہم اپنا حق مانگتے ہیں ،خیرات نہیں مانگتے ۔ رفعت عباس کی عظمت کو سلام ہے ۔پرائیڈ آف پنجاب ایوارڈ کے سلسلے میں مضحکہ خیز تفصیلات سامنے آ رہی ہیں ۔ کہا جاتا ہے کہ رفعت عباس کے بعد ایک اور معروف سرائیکی شاعر اشو لال فقیر نے پنجاب حکومت سے ’پرائیڈ آف پنجاب‘ ایوارڈ اور تین لاکھ روپے کا چیک لینے سے انکار کر دیا ، ان کے انکار کے بعد شاکر شجاع آبادی کو پرائیڈ آف پنجاب ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ، اشو لال فقیر نے کہا کہ سرائیکی وسیب کو قومی شناخت ملنے تک کوئی بھی سرائیکی ادیب و شاعر پنجاب حکومت سے ایوارڈ اور مراعات نہیں لے گا ۔ جہاں پاکستان کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق پرائیڈ آف پنجاب ایوارڈ 2016ء کا اعلان کرنے والے ادارے ’’پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج، آرٹ اینڈ کلچر‘ کی انتظامیہ نے شاعری کا ایوارڈ ملتان سے تعلق رکھنے والے معروف سرائیکی شاعر رفعت عباس کو دینے کا فیصلہ کیا تھا تاہم ان کی طرف سے ایوارڈ اور تین لاکھ روپے کا چیک وصول کرنے سے انکار سامنے آنے پر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج ، آرٹ اینڈ کلچر ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر صغریٰ صدف کی طرف سے ایک خط بھجوایا گیا ہے جس میں ان سے ایوارڈ نہ لینے کا اعلان کی تصدیق کے ساتھ اپنا فیصلہ واپس لینے کی گزارش بھی کی گئی ، اس حوالے سے معروف ڈرامہ نویس اصغر ندیم سید کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں تاہم رفعت عباس ایوارڈ وصول نہ کرنے کے فیصلے پر قائم و دائم ہیں۔ دستاویزات کے مطابق اس کے ساتھ ادارے کی انتظامیہ رفعت عباس کی طرف سے ایوارڈ نہ لینے کا حتمی فیصلہ سامنے آنے کے بعد ’پرائیڈ آف پنجاب ایوارڈ2016ء ضلع لیہ کی تحصیل کروڑ لعل عیسن سے تعلق رکھنے والے ایک اور معروف سرائیکی شاعر اشو لعل فقیر کو دینے پر غور کیا گیا ، گزشتہ روز ڈاکٹر صغریٰ صدف نے ایک اہم شخصیت سے گفتگو کے دوران رفعت عباس کے انکار پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے مشورہ طلب کیا ۔ اگر ’پرائیڈ آف پنجاب ایوارڈ2016ء معروف سرائیکی شاعر اشو لال فقیر کودیا جائے تو کہیں وہ تو وصول کرنے سے انکار نہیں کر دیں گے ۔ ٹیلیفونک گفتگو کے مطابق ڈاکٹر صغریٰ صدف نے مذکورہ شخصیت کو گزارش کی کہ وہ اشولال فقیر کو ایوارڈوصول کرنے کیلئے رضا مند کریں۔ دوسری طرف معروف سرائیکی شاعر اشو لال نے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہا کہ ’پرائیڈ آف پنجاب ایوارڈ‘ لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ موجودہ حکومت سرائیکی وسیب کو قومی شناخت ملنے میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے اور قومی شناخت ملنے تک پنجاب حکومت سے نہ تو کوئی ایوارڈ لوں گا اور نہ کسی قسم کی مالی مراعات قبول کروں گا بلکہ کوئی بھی سرائیکی شاعر پنجاب حکومت کا ایوارڈ وصول کرنے کیلئے تیار نہیں ہوگا۔
رفعت عباس