وزیر اعلٰی شہباز شریف کا دہشتگردوں اور سہولت کاروں کیخلاف آپریشن مزید تیز کرنے کا حکم
لاہور(آن لائن )وزیراعلی پنجاب میاں شہبازشریف نے صوبے بھر میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ ایسے عناصر کے خلاف ہر جگہ بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ صوبے میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق گزشتہ روز اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہاکہ دشمن ملک میں افراتفری پھیلانے کی سازش کررہا ہے مگر ہمیں مل کر دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ غیر معمولی حالات غیر معمولی اقدامات کے متقاضی ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے مزیدجانفشانی او رمحنت سے کام کرنا ہوگا۔وزیراعلی پنجاب نے کہاکہ عوام کے جان ومال کا تحفظ اور قیام امن ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہاکہ افغان آبادیوں کی بھی بھرپور چیکنگ کی جائے اورمشتبہ افراد پر کڑی نگاہ رکھی جائے جبکہ متعلقہ ادارے قریبی رابطہ رکھتے ہوئے ایسے عناصر کی بیخ کنی یقینی بنائیں۔ اجلاس کے دوران وزیراعلی کو ڈیفنس میں ہونے والے واقعہ کے بارے میں رپورٹ پیش کی گئی۔ فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ سلنڈر دھماکوں کے باعث پیش آیااو راب تک کی تحقیقات کے مطابق جائے حادثہ سے بارودی مواد کے شواہد نہیں ملے۔
وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور(آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیوں کی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی۔انسداددہشت گردی کیلئے پوری قوم یکسو ہے۔دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بندوق کے ساتھ تعلیم، صحت اور روزگار کی گولیاں بھی ضروری ہیں۔ برطانیہ کی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی پریٹی پٹیل کی قیادت میں ملنے والے وفد سے تعلیم، صحت، سکل ڈویلپمنٹ کے علاوہ دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کے دوران تعلیم، صحت، سکل ڈویلپمنٹ اورچائلڈ لیبر کے خاتمے کی کاوشوں میں معاونت بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ برطانوی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی نے پاکستان میں گزشہ دنوں دہشت گردی کے واقعات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیااورجاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ ترقی کے سفر میں اہم پارٹنر ہیں۔ برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے (ڈیفڈ) کے تعاون سے پنجاب میں تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے پروگرام کامیابی سے چل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک اور ہم خطے میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتے ہیں۔خطے میں امن ہوگا توترقی اور خوشحالی کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے۔جنگ مسائل کا حل نہیں بلکہ اس سے غربت، تکالیف اور مصائب میں اضافہ ہوتا ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ امن کی راہ پر چلا جائے اور عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کیا جائے۔ برطانیہ کی وزیر پریٹی پاٹیل نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ پنجاب حکومت کے ساتھ آئندہ بھی تعاون کو مزید فروغ دے گااورہم مستقبل میں مختلف شعبوں کی بہتری کیلئے کام کرتے رہیں گے۔دریں اثناء جرمنی کی کمپنی فشنر واٹر اینڈ ٹرانسپورٹیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اولف میئر شیرنبرگ اور ان کی ٹیم کے ماہرین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ صاف پانی ایک نعمت اور شہریوں کی بنیادی ضرورت ہے اور صاف پانی انسانی صحت کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ پینے کے صاف پانی کے پروگرام پر پہلے ہی بے پناہ تاخیر ہوئی ہے، اب ہم نے انتہائی تیزی سے درست سمت کی جانب بڑھنا ہے۔ ہمیں ایسے پائیدار اور باکفایت پروگرام پر عملدرآمد کرنا ہے جس سے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا مسئلہ جلد حل ہو۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی دیہی آبادی کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے جرمن کمپنی کی تکنیکی معاونت کا خیرمقدم کرتے ہیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر فشنر واٹر اینڈ ٹرانسپورٹیشن نے یقین دہانی کرائی کہ جرمن کمپنی پنجاب حکومت کے ساتھ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام میں ہرممکن معاونت کرے گی اور مفادعامہ کے اس اہم پروگرام کو آگے بڑھانے کیلئے ہم ہر طرح کے تعاون کیلئے تیار ہیں۔علاوہ ازیں پنجاب واٹر روڈمیپ کاجائزہ لینے سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا بڑا پروگرام بنایا ہے۔صاف پانی زندگی ہے اور صاف پانی ہر شہری کی بنیادی ضرورت اور حق ہے۔صوبے کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے مشن کی تکمیل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں مفاد عامہ کایہ انتہائی اہم پروگرام بعض ذمہ داران کی نااہلی اورغیر پیشہ ورانہ انداز کے باعث تاخیر کا شکار ہوا،لیکن اب ماضی کی کوتاہیوں سے سبق سیکھ کر محتاط اور پیشہ ورانہ انداز میں پروگرام کو آگے بڑھانا ہے۔اجلاس کے دوران صوبے بھر میں نصب واٹر فلٹریشن پلانٹس کی اپ گریڈیشن کی منظوری دی گئی۔