ڈیفنس دھماکہ دہشتگردی نہیں حادثہ تھا ، گیس لیکج یا سلنڈر پھٹنے سے ہوا: رانا ثناء اللہ

ڈیفنس دھماکہ دہشتگردی نہیں حادثہ تھا ، گیس لیکج یا سلنڈر پھٹنے سے ہوا: رانا ...

لاہور(کرا ئم رپورٹر)صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ ڈیفنس میں ہونے والادھماکہ دہشت گردی نہیں بلکہ حادثہ تھا، جو گیس لیکیج یا سلنڈر پھٹنے سے ہوا ۔زیادہ لوگوں کے موقف دینے کے باعث خرابی ہوئیْ ۔مختلف لوگ مختلف بات نہ کرتے تو کنفیوژن نہ پھیلتی،چیئرنگ کراس پر ہونے والے حملے کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے۔ پورا نیٹ ورک ٹریس ہو گیا ہے،اس میں مقامی سطح پر کوئی سہولت کار شامل نہیں،گرفتاردہشت گردوں سے حاصل اطلاعات کی روشنی میں ایکشن پلان بنارہے ہیں اطلاعات میڈیا سے شیئر نہیں کرسکتے۔سیاسی مخالفین منفی پراپیگنڈاکررہے ہیں، ملک پر رحم کریں۔ان کی حکمرانی کا خواب ایسے پورا نہیں ہوگا۔ صوبائی وزیر انسداد دہشتگردی کرنل (ر) محمد ایوب خان ، سیکرٹری داخلہ پنجاب میجر (ر) اعظم سلمان ،آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا ،ڈی جی فرانزک سائنس ایجنسی اور دیگر کے ساتھ پریس کانفرنس میں رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے تصدیق اسی وقت ممکن تھی جب فرانزک ٹیسٹ کے نتائج آتے ۔بم ڈسپوزل سکواڈ، محکمہ انسداد دہشت گردی اور پولیس کی جانب سے مختلف بیانات دیئے گئے، چونکہ عمارت دھماکے سے بری طرح متاثر ہوئی تھی اور اسے خطرناک قرار دیا گیا تھا اس لئے افرانزک ٹیم کو نمونے جمع کرنے میں تاخیر ہوئی۔ جو نمونے لیے گئے ان میں سے کسی میں بھی بارودی مواد نہیں ملا۔جتنے لوگ بھی زخمی ہوئے یا ہلاک ہوئے ان کے جسموں پر چھروں کے زخم ہونے چاہیے تھے لیکن ان کے جسموں پر وہاں پھٹنے والے مواد کی وجہ سے زخم آئے۔ابتدائی طور پر ریسکیو 1122، پولیس، فرانزک ڈپارٹمنٹ اور دیگر اداروں کی رائے مختلف تھی تاہم اب یہ تصدیق کی جا رہی ہے کہ یہ ایک حادثہ تھا،دہشت گردی یا بارودی مواد سے ہونے والا دھماکہ نہیں تھا۔ تحقیقات سے جو معلومات حاصل ہوئی ہیں ان کے مطابق وہاں گیس کی لیکج ہوئی اور امکان ہے کہ وہاں گیس سلنڈر موجود تھے۔ناقص سلنڈر مہیا کرنے والوں نے جرم کا ارتکاب کیا ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے بعض چینلز کی جانبسے اس دھماکے کی نوعیت کی تصدیق کے بغیر اسے دہشت گردی کی کارروائی قرار دینے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔میں سمجھتا ہوں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری قومی جنگ ہے، یہ میڈیا، سیاسی جماعتوں سب کی جنگ ہے، ہم سب نے اسے مل کر لڑنا ہے اور ہر قیمت پر اس جنگ کو جیتنا ہے اور دہشت گردوں کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانا ہے آئندہ اس طرح کی صورتحال میں ضروری ہے کہ صرف ترجمان ہی بات کرے ۔ پی ایس ایل کے انعقاد کے حوالے سے دو روز قبل وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس ہوا تھا جس میں تمام پہلوں کا جائزہ لیا گیا تھا، اس حوالے سے ایک اور اجلاس جمعرات کوہونا تھا جو حادثے کے باعث نہ ہوسکا۔دوبارہ یہ اجلاس ہو رہا ہے فیصلے سے سب کو آگاہ کیا جائے گا۔

مزید : صفحہ اول


loading...