میرے خاندان کی چوتھی نسل بھی شوبز کی دنیا میں آگئی،عرفان کھوسٹ

میرے خاندان کی چوتھی نسل بھی شوبز کی دنیا میں آگئی،عرفان کھوسٹ

لاہور(فلم رپورٹر) ریڈیو ، فلم ، ٹی وی اور سٹیج کے سینئر اداکار عرفان کھوسٹ نے کہا ہے کہ اب میرے خاندان کی چوتھی نسل بھی شوبز کی دنیا میں آگئی ہے ، ہمارے ملک میں اداکاری کے لئے کوئی اکیڈمی نہیں بلکہ یہاں ایک دوسرے کو دیکھ کر اور سینئرز کی رہنمائی میں کام سیکھا جاتاہے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے ریڈیو ، فلم ، ٹی وی اور سٹیج پر کام کیا اور بطور پروڈیوسر دو فلمیں بھی بنائیں ۔ پاکستان میں فن اداکاری میں مجھے یہ اعزاز حاصل ہے جس کے خاندان کی چوتھی نسل شوبز کی دنیا میں آئی ہے ۔ والد سلطان کھوسٹ اور صاحبزادے سرمد کھوسٹ کے بعد میرا نواسہ بھی آرٹس کی کلاس لے رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں اداکاری کیلئے کوئی اکیڈمی نہیں بلکہ یہاں ایک دوسرے کو دیکھ کر اور سینئرز کی رہنمائی میں کام سیکھا جاتاہے ۔ عرفان کھوسٹ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ صباء حمید پسندیدہ اور ماہرہ خان خوبصورت اداکارہ ہیں ۔ جبکہ سہیل احمد ایک ورسٹائل اداکار ہیں ۔ سٹیج کی دنیا میں امان اللہ نے جو کام کیا ہے اور جس طرح کا عروج حاصل کیا وہ کسی اور اداکار کے حصے میں نہیں آیا ، انہوں نے سٹیج پر سکرپٹ سے ہٹ کر ایسی ایسی خوبصورت بات کہی جس کو سننے کے بعد مجھے یہ افسوس ہوتا ہے کہ کاش یہ میرے قلم سے لکھی جاتی ۔انہوں نے کہاکہ میں آج بھی اچھا سٹیج ڈرامہ کرنا چاہتا ہوں مگر اس کے لئے مجھے لانگ ٹائم درکار ہے تاکہ میں سٹیج ڈرامے کو اس کی اصل ڈگر پر واپس لا سکوں ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...