سی پیک پر خدشات بے بنیاد ،بھارت پاکستان کی ترقی کو اپنے لئے خطرہ نہ سمجھے:چین
بیجنگ(اے این این) چین کے سرکاری روزنامے’’گلوبل ٹائمز‘‘ نے چین پاکستان اقتصادی راہداری پر بھارت کے خدشات کو بے بنیادقراردیتے ہوئے مودی سرکارکومشورہ دیاہے کہ وہ پاکستان کی ترقی کو خطر ہ نہ سمجھے ۔ جمعہ کو اخبار میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں کہاگیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری چین کے ایک پٹی ایک شاہراہ منصوبے کا حصہ ہے ۔اقتصادی راہداری کے معاشی فوائد کے ساتھ ساتھ اس منصوبے سے وسیع تر علاقائی تعاون کو بھی فروغ ملے گا ۔انہوں نے کہاکہ چین بھارت کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے اقتصادی راہداری کے حوالے سے بھارت کے خدشات بے بنیاد ہیں بھارت چین کے سلک روڈ منصوبے کے حوالے سے وسیع النظری اور مثبت رویے کا مظاہرہ کرے ۔مضمون میں بھارت کوپیشکش کی گئی کہ وہ سلک روڈ سربراہ اجلاس میں شرکت کرے جو مئی میں بیجنگ میں ہوگا۔ اخبار لکھتا ہے کہ چین کا پاکستان اور بھارت کے درمیان علاقائی تنازعات میں مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں، ہمارا یہ موقف ہے کہ دونوں ہمسایہ ملکوں کو مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے مسائل کو حل کرناچاہیے اور ہم نے بارہا کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر سے کسی علاقائی تنازعے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ اخبار نے مودی سرکار کو مشورہ دیا کہ وہ پاکستان کی ترقی کو خطرے کے طورپر نہ دیکھے چین ، پاکستان اور بھارت علاقے میں وسیع تر اقتصادی مواقعوں کو بروئے کار لانے کیلئے تعاون کرسکتے ہیں۔