آزاد کشمیر پولیس نے سرینگرسے آنیوالے مال بردار ٹر ک رو ک لئے
ہٹیاں بالا(اے این این) آزاد کشمیر پولیس نے مقبوضہ کشمیر سے آنے والے مال بردار ٹرکوں پر پاکستان کی حدود میں داخلے پر پابندی لگادی جس کے بعد کوہالہ سے نصف درجن سے زائد مال بردار ٹرک واپس مظفرآباد چلے گئے اس پر ایل او سی ٹریڈرز سراپا احتجاج بن گئے وزیراعظم میا ں محمد نواز شریف ،وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے صورتحال کے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔مقبوضہ جموں و کشمیر سے سرینگر مظفرآباد تجارت کے ذریعے آنے والے کپڑے کے مال بردار ٹرکوں کو آزاد کشمیر پولیس نے کوہالہ کے مقام پر پاکستان کی حدود میں داخل ہو نے سے روک دیا آزاد کشمیر پولیس نے موقف اختیار کیا کہ ہمیں اعلی حکام کی جانب سے ٹرکوں کو پاکستان کی حدود میں داخل ہو نے سے روکنے کی ہدایات ہیں۔