اسحاق ڈار کی جنرل زبیر محمود حیات اور ائیر چیف سہیل امان سے ملاقات
راولپنڈی (آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات اور پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان سے ملاقات‘ پاک فصائیہ کے جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے مالی ضروریات پر گفتگو ہوئی۔ وزارت خزانہ کے جاری کردہ علامیہ کے مطابق جمعہ کے روز وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز چکلالہ میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات اور پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان سے ملاقات کی۔ جس میں پاک فضائیہ کے جاری اور آئندہ کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے مالی ضروریات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے کہا کہ پاک فضائیہ کے ضرب عضب کے دوران دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے زبردست اقدامات کیلئے جو لائق تحسین ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کی لعنت سے مکمل چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے پر عزم ہے پوری قوم دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ مسلح افواج کی ترقیاتی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔