وفاقی اور صوبائی حکومتیں مصلحت سے بالاتر ہوکر آپریشن کریں، سلیم حیدر

وفاقی اور صوبائی حکومتیں مصلحت سے بالاتر ہوکر آپریشن کریں، سلیم حیدر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے ملک کے مختلف شہروں میں کی جانے والی دہشت گردی کے واقعات کی مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے جس طرح سیاسی مصلحتوں کی بناء پر آپریشن ضرب عضب کے ثمرات کو ضائع کیا اگر اسی طرح آپریشن ’’ردالفساد ‘‘میں بھی حکمرانوں کا یہ ہی رویہ رہا تو پھر یہ ملک اور قوم کیلئے انتہائی نقصان دہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گرد جس طرح آزادانہ کارروائیاں کررہے ہیں اس سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ سندھ حکومت صرف کراچی میں آپریشن کرنا چاہتی ہے اندرون سندھ دہشت گردوں ، تخریب کاروں اور بھتہ خوروں کیخلاف آپریشن کی رینجرز کو اجازت نہ دینا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ صوبائی حکومت اور اس میں موجود وزراء خود دہشت گردوں کے سرپرست ہیں۔ جس کی واضح مثال درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر پر کی جانے والی دہشت گردی میں پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد بھی گرفتار کئے گئے ۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کی بات کرتی ہے لیکن اندرون سندھ آپریشن نہ کرکے یہ بات ثابت کرتی ہے کہ مخصوص علاقوں میں اپنی مرضی کا آپریشن چاہتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ اور اداروں سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردوں کیخلاف بلاامتیاز اور بلارنگ ونسل آپریشن کرکے دہشت گردوں ، ان کے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کاروں کو گرفتار کرے اور انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے ناسور کو جب تک جڑ سے اکھاڑ کر نہیں پھینکا جائے گا دہشت گرد اسی طرح وقفے وقفے سے کارروائیاں کرتے رہیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...