ادارہ ہمدرد 9 کارکنان کو حج اور2 کو عمرے پر بھیجے گا
کراچی (پ ر)ادارہ ہمدرد ، حسب سابق، اپنے خرچ پر، اس سال 2017 بمطابق 1438 ہجری میں اپنے 9 کارکنان کو حج بیت اللہ اور 2 کارکنان کو رمضان المبارک میں عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے لیے بھیجے گا۔ کارکنان کا انتخاب بذریعہ قرعہ اندازی کیا گیا۔ قرعہ اندازی کی تقریب گزشتہ روز المجید ہمدرد سینٹر، ناظم آباد، کراچی میں منعقد ہوئی۔ ہمدرد لیباریٹریز کی چیئرپرسن محترمہ سعدیہ راشد ، متولیان ہمدرد آمنہ ہمایوں میاں صاحبہ، فاطمہ منیر احمد صاحبہ اور منیجنگ ڈائریکٹر ہمدرد لیباریٹریز محمد اسامہ قریشی نے قرعہ نکال کر خوش نصیب کارکنان ہمدرد کے ناموں کا اعلان کیا۔ تقریب قرعہ اندازی میں ہمدرد کے ڈائریکٹرز، منیجرز، کارکنان اور ہمدرد یونٹی ورکرز یونین کے عہدیداران نے شرکت کی۔