ایکسائز پولیس کی بڑی کارروائی، 60 کلو گرام چرس برآمد
کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاولہ کی ہدایت پر صوبے میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کے دوران ایک کارروائی میں حیدرآباد ایکسائز پولیس نے جامشورو روڈ پر ایک کار سے 60 کلو گرام چرس برآمد کرلی۔ ایکسائز پولیس نے ڈپٹی ڈائریکٹر ذوالفقار شاہانی کی سربراہی میں ملزمان کا تعاقب کیا جس پر ملزمان کرولا گاڑی نمبر اے ایف جے 375 چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ ایکسائز پولیس نے کار کے خفیہ خانوں سے 60 کلو گرام چرس برآمد کرلی۔واضح رہے کہ مذکورہ 60 کلو گرام چرس بلوچستان سے سندھ اسمگل کی جارہی تھی۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے اس بڑی کامیاب کارروائی پر ایکسائز پولیس حیدرآباد کو مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اسی جانفشانی سے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں صوبائی وزیر برآئے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاولہ نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی جاری رکھیں اور خاص کر سرحدی چوکیوں پر نگرانی سخت کریں۔