کیپٹل سٹی ڈسٹرکٹ ،پبلک سیفٹی کمیشن کے ممبران کے چناؤ کیلئے سکروٹنی کمیٹی تشکیل
پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخوا پولیس آرڈیننس 2016 کی شق 56 (۱) اور (3) کی پیروی کرتے ہوئے مجاز حکام نے فوری طور پر کیپٹل سٹی ڈسٹرکٹ پبلک سیفٹی کمیشن خیبر پختونخوا کے آزاد ممبران کے چناؤ کے لئے سکروٹنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کے ممبران مسٹر جسٹس سید افسر شاہ،جج پشاور ہائی کورٹ،ضلعی ناظم پشاور،ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا فدا وزیر اور عبدالفیاض ایڈوکیٹ ہوں گے۔سکروٹنی کمیٹی کے قواعد و ضوابط میں آزاد ممبران کے انتخاب کے لئے عوام سے نامزدگیاں یا درخواستیں طلب کرنا،اہل اور رضا مند امیدواروں کے انٹرویو کرنا،متعلقہ کمیشن کے آزاد ممبران کی حیثیت سے تقرریوں کے لئے حکومت کو پولیس آرڈیننس2016کی شق50کے مطابق مطلوبہ تعداد میں ناموں کی سفارش کرنا اور سلیکشن کے عمل کو آغاز سے تیس دنوں کے اندر مکمل کرنا شامل ہے۔اس امر کا اعلان محکمہ داخلہ و قبائلی امور خیبر پختونخوا کے جاری کردہ ایک اعلامیے میں کیا گیا۔