قیدیوں کو بہتر طبی ،قانونی اور دیگر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے :انور علی خان

قیدیوں کو بہتر طبی ،قانونی اور دیگر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے :انور ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر )ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پشاور انور علی خان نے کہا ہے کہ قیدیوں کو بہتر طبی،قانونی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز سنٹرل جیل پشاور کے دورے کے دوران کیی۔اس موقع پر سروسز ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عاشور خان آفریدی ،جوڈیشل مجسٹریٹ محمد اصغر خان،پشاور بار ایسوسی ایشن کے صدر امجد علی مروت اور ڈپٹی پراسیکیوٹر قیصر خان بھی موجود تھے۔دورے کے دوران ڈسٹرکٹ اور سیشن جج نے ایک لیبارٹری کا بھی افتتاح کیا جس میں قیدیوں کے مختلف ٹیسٹ کئے جائیں گے۔وہ مختلف بیرکس بھی گئے جہاں انہوں نے قیدیوں کے مسائل سنے اور قیدیوں کی صحت کے مسائل پر تفصیلی بات چیت کی اور فیصلہ کیا گیا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں کے ڈائریکٹرز،ڈائریکٹر ہیلتھ اور سیکرٹری محکمہ صحت کے سامنے قیدیوں کے مسائل رکھے جائیں گے جبکہ ڈاکٹر عاشور خان آفریدی نے قیدیوں کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کی ضرورت کے بارے میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پشاور انور علی خان کو آگاہ کیا۔سیشن جج نے اس مسئلے کو سیکرٹری محکمہ صحت کے ذریعے حل کرانے کی یقین دہانی کرائی جبکہ قیدیوں کو تمام قانونی سہولیات کی مفت فراہمی کے لئے صدر پشاور بار ایسوسی ایشن کے ذریعے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔