شمالی کوریا کے سربراہ کے سوتیلے بھائی کے قتل کے الزام میں گرفتار خاتون کو اس کا م کے 90ڈالر دیئے گئے
پیانگ یانگ(ڈیلی پاکستان آن لائن )شمالی کوریا کے سربراہ کے سوتیلے بھائی کے قتل کے سلسلے میں گرفتار انڈونیشیا کی ایک خاتون کا کہنا ہے کہ انھیں یہ کام کرنے کے لیے صرف 90 ڈالر کی رقم دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملائیشیا میں انڈونیشیا کے سفارت خانے کے حکام نے سیتی ایسیاہ نامی خاتون سے ملاقات کی ہے جس دوران خاتون کا کہناتھا کہ انھیں ایک مزاحیہ ریئلٹی شو میں حصہ لینے کے لیے 90 ڈالر کم جونگ نام کے چہرے پر 'بے بی آئل' ملنے کے لیے دیے گئے تھے ۔ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے سوتیلے بھائی کم جونگ نام کو اعصاب شکن زہریلے مادے 'وی ایکس' سے ہلاک کیا گیا ہے۔اس مادے کو اقوامِ متحدہ وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے زمرے میں شمار کرتی ہے۔
انڈونیشیا کے حکام نے مذکورہ خاتون سے 30 منٹ تک ملاقات کی۔ اس کے بعد نائب سفارت کار اینڈرینو ارون نے بتایا کہ خاتون نے کہا کسی شخص نے ان سے یہ کام کرنے کے لیے کہا تھا۔ انھوں نے کہا کہ ان کی ملاقات ایسے لوگوں سے ہوئی تھی جو کوریائی یا جاپانی نژاد معلوم ہوتے تھے۔ارون نے مزید کہا کہ اس شخص نے اس کام کے لیے انھیں چار سو ملائیشیائی نوٹ (یعنی تقریباً 90 امریکی ڈالر) دیے۔ انھوں نے کہا کہ انھیں تو بس ایک تیل، بے بی آئل، جیسا مادہ دیا گیا تھا۔
حکام نے یہ بھی بتایا کہ مذکورہ خاتون میں کوئی ایسا جسمانی نشان نظر نہیں آیا جس سے یہ پتہ چل سکتا کہ وہ بھی اس زہریلے مادے سے کسی طرح متاثر ہوئی ہیں۔وی ایکس ایک غیر معمولی تباہ کن کیمیائی ہتھیار ہے اور اس کا ایک قطرہ بھی انسانی جلد پر گرنے سے انسان مر سکتا ہے۔ یہ کیمیکل جلد کے راستے انسانی جسم میں داخل ہو کر نظامِ اعصاب کو تباہ کر دیتا ہے۔یہ پہلا موقعہ ہے کہ وی ایکس کو اس طریقے سے استعمال کیا گیا ہو۔اس لیے اگر کم پر کوئی مائع چھڑکا گیا یا ان کے منہ پر ملا گیا تو امکان یہی ہے کہ کم از کم اس میں وی ایکس نہیں تھا۔