لعل قلندر دربار پر دھماکہ ایک بزرگ کی درگاہ پر نہیں پوری امت مسلمہ پر حملہ ہے ،دشمن ہمیں تقسیم کرنا چاہتا ہے ،اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے اسے ناکام بنانا ہو گا :سراج الحق
سیہون(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سانحہ سہون شریف پر پوری قوم افسردہ ہے، یہ ایک بزرگ ولی کی درگاہ پر نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ پر حملہ ہے ،حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہی ،2 ہفتوں میں سہون شریف اور لاہور سمیت چاروں صوبوں میں دھماکے حکومتی ناکامی کی علامت ہے, دشمن ہمیں تقسیم کرنا چاہتا ہے مگر امت کو اپنے اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے دشمن کی ناپاک سازشوں کو ناکام بنانا اور اپنی درگاہوںاور درسگاہوں سمیت ملک کے چپے چپے کی حفاظت کرنا ہوگی.
جماعت اسلامی کی صوبائی قیادت کے ہمراہ درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر سہون شریف کا دورہ کے موقع پر دربار کے سجادہ نشین سید ولی محمد شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ 7صدیوں بعد ہمارے مرکز پر یہ حملہ دشمن کے مکروہ عزائم کی نشاندہی کر تا ہے حکومت کسی اور واقعہ کے انتظار کے بجائے اس طرح کے عوامی مراکز کو فول پروف سیکیورٹی دینے اور اولیاءاللہ کے مزارات اور مساجد و مدارس کی حفاظت کے لئے موثر اقدامات کرے ،حکومت کا فرض ہے کہ سانحہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے گھرانوں اور لواحقین کی کفالت کا انتظام کرے اور زخمیوں کا سرکاری خرچ پر علاج معالجے کا بندوبست کیا جائے ۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فوجی عدالتوں کی بحالی اور قیام کیلئے قومی اتفاق رائے ضروری ہے، قوم امن اور اپنی حفاظت چاہتی ہے، حکومت اسے ضرب عضب ،قومی ایکشن پلان یا ردالفساد کا نام دے ؟اصل مقصد عوام کو امن و امان اور جان و مال کی حفاظت فراہم کرنا ہے ۔پانامہ لیکس مقدمہ کے حوالے سے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ عدالت کرپشن کے خلاف فیصلہ دے گی کیونکہ کرپشن ملک میں کینسر کی طرح پھیل چکی ہے ۔انہوں نے سجاد گان سید ولی محمد شاہ ،سید غضنفر علی شاہ ،سید حسنین شاہ اور سید مہدی حسن شاہ کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی اور پوری قوم آپ کے غم میں برابر کی شریک ہے ، ہمیں امید ہے کہ ملک میں اسلامی نظام کے قیام اور غلبہ کیلئے آپ اپنا موثر کردار ادا کریں گے ۔