گاڑی کے انجن سے عجیب و غریب آوازیں، بالآخر مالک نے بونٹ اٹھا کر دیکھا تو اندر کیا چیز تھی؟ دیکھ کر پیروں تلے زمین نکل گئی کیونکہ۔۔۔
بنکاک(نیوز ڈیسک) تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک صاحب صبح سویرے کام کے لئے روانہ ہونے لگے تو زندگی کا سب سے بڑا سرپرائز مل گیا۔ ان کی گاڑی میں کوئی ان سے بھی پہلے آ کر بیٹھ گیا تھا، جس سے آمنا سامنا ان کی زندگی کا خوفناک ترین تجربہ ثابت ہوا۔
ویب سائٹ ’ورلڈ وائڈ وئیرڈ نیوز‘ کے مطابق سورت تھانی صوبے سے تعلق رکھنے والے 55 سالہ تھائیچائی کونیمت ناشتہ کرنے کے بعد اپنے کام پر جانے کے لئے گھر سے نکلے تھے۔ انہوں نے گزشتہ شام اپنی گاڑی گھر کے باہر کھڑی کی تھی لیکن صبح کے وقت جونہی وہ اس کے پاس پہنچے تو اس کے اندر سے عجیب و غریب قسم کی آوازیں سنائی دینے لگیں۔ تھائیچائی نے کچھ غور کیا تو پتا چلا کہ آوازیں انجن کی جانب سے آ رہی تھیں۔ انہوں نے حیران ہوتے ہوئے بونٹ کھولا لیکن سامنے ایک ایسی چیز بیٹھی تھی کہ فوراً ہی دھپ سے بونٹ بند کیا اور گھر کی جانب بھاگ کھڑے ہوئے۔ دراصل گاڑی کے انجن پر ایک خوفناک سانپ کنڈلی مارے بیٹھا تھا۔
تھائیچائی نے مقامی ایمرجنسی سروس کو مدد کے لئے کال کی اور کچھ دیر بعد چند اہلکار ایک ماہر سپیرے کے ساتھ وہاں آن پہنچے۔ اس کے بعد جو کچھ ہوا وہ ایک حیران کن ویڈیو کی صورت میں سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے۔ اس ویڈیو میں سپیرا تانوات نوم ایک لاٹھی کے ساتھ گاڑی کی جانب بڑھتا نظر آتا ہے۔ وہ بونٹ کھول کر سانپ کو باہر نکالتا ہے اور ہر کوئی اس کی لمبائی دیکھ کر خوفزدہ ہو جاتا ہے۔
تانوات نے بتایا کہ یہ سانپ کنگ کوبرا ہے جس کی لمبائی تقریباً 15 فٹ تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کئی سالوں سے سانپ پکڑ رہے ہیں لیکن اس علاقے میں انہوں نے اتنا بڑا کوبرا سانپ پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ گاڑی سانپ کے قبضے سے آزاد ہوئی تو اس کے مالک نے سکھ کی سانس لی اور اہل علاقہ نے بھی شکر کیا کہ ایک خوفناک بلا ان کے علاقے سے رخصت ہوئی۔
ویڈیو دیکھیں: