محمد شہباز شریف بورے والا میں

محمد شہباز شریف بورے والا میں
محمد شہباز شریف بورے والا میں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

محمد شہباز شریف نے گزشتہ ساڑھے 9سال حکومت میں عوام کی فلاح و بہود ترقی و خوشحالی کے لئے انقلابی اقدامات کئے اور اُن اقدامات سے انہوں نے ثابت کردیا کہ وہ وزیر اعلیٰ نہیں، بلکہ خادم اعلیٰ ہیں۔ کرپشن کے خلاف جہاد کرتے ہیں قومی خزانہ کی ایک ایک پائی قوم کی امانت سمجھتے ہیں محمد شہباز شریف میں عوام کی خدمت کا اس حد تک جنون پایا جاتا ہے کہ ناساز طبیعت اور ڈاکٹروں کے منع کرنے کے باوجود بھی عوام کی مشکلات کے لئے رات کے 1بجے تک کام کرتے ہیں۔ صبح سویرے 5بجے اُٹھ کر مختلف منصوبوں کا جائزہ لیتے ہیں۔

ہسپتالوں کا بھی اچانک معائنہ کرتے ہیں محمد شہباز شریف محنت ، لگن ، ذمہ دار ی اور جانفشانی سے کام کرنے کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر بھی خاص شہرت رکھتے ہیں۔

ملک سے توانائی بحران کے خاتمے کے لئے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے کے لئے انہوں نے غیر ملکی دورے کئے ہیں ان کی کوششوں سے ملک سے توانائی کے بحران کا خاتمہ ہوگیا ہے اور پنجاب میں تیزی کے ساتھ توانائی کے منصوبے مکمل کئے ہیں جس کا اعتراف چینی حکومت بھی کر رہی ہے محمد شہباز شریف نے ساڑھے 9سال میں تیز رفتاری کے ساتھ کئی منصوبے مکمل کئے ہیں عوام کی خدمت کی ہے اس کی مثال ملک کی 70سالہ تاریخ میں نہیں ملتی ان کی کاکردگی کا اعتراف ملکی اداروں کے علاوہ ورلڈ بینک سمیت دیگر مالیاتی اداروں نے بھی کیا ہے ۔

تُرکی ، چین سمیت دیگر ممالک ان کی قائدانہ صلاحیتوں کے معترف ہیں ۔ عوام اُمید رکھتے ہیں کہ جس طرح انہوں نے پنجاب کو ترقی یافتہ صوبہ بنایا اور عوام کی بے لوث خدمت کی اسی طرح2018ء کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) نے کامیابی حاصل کی تو پورے ملک میں بڑے بڑے منصوبے شروع کریں گے اور عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔


وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہاز شریف نے گزشتہ دنوں ضلع وہاڑی کی تحصیل بورے والا میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتا ح کیا۔ بورے والا کی تاریخ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ عوام اپنے قائد کا خطاب سننے کے لئے بے تاب تھے جب وہ جلسہ گاہ میں پہنچے توعوام نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ اور جلسہ گاہ سے وزیر اعظم محمد شبہاز شریف کے نعرے بھی گونج رہے تھے۔ لوگ محمد شہباز شریف کی تقریر سننے کے لئے چھتوں پر کھڑے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ ساڑھے 9سالوں میں ضلع وہاڑی میں تقریباً 30ارب روپے سے زائد کے منصوبے مکمل کئے ہیں۔

’’پکیاں سڑکاں، سوکھے پینڈے ‘‘کے تحت وہاڑی میں ساڑھے 3ارب روپے کی لاگت سے کھیتوں سے منڈیوں تک بہترین سڑکیں بنائی گئیں، جن سے دیہات اور قصبے آپس میں جڑ گئے ہیں۔ 300بستروں پر مشتمل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ بورے والا اور میلسی میں نئے ہسپتال بن رہے ہیں۔ ضلع وہاڑی کے ہسپتال میں جدید سی ٹی سکین مشین فراہم کر دی گئی ہے ،جبکہ دور دراز کے علاقوں کے عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے موبائل ہسپتال فراہم کر دیا گیا ہے یہ ہسپتال دیہاتوں اور قصبوں کے عوام کو ان کی دہلیز پر تشخیص اور علاج کی جدید سہولتیں فراہم کرے گا۔


وزیر اعلیٰ نے گگو شہر کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان بھی کیا ۔ وہاڑی میں زرعی یونیورسٹی کے کیمپس کو مکمل زرعی یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا اور میڈیکل کالج کا بھی اعلان کیا ۔سی پیک کے تحت بھی توانائی کے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا جھوٹے خان صاحب جو جھوٹوں کے آئی جی ہیں نے 2013ء کے الیکشن میں کہا کہ ہم کے پی کے میں بجلی پیدا کریں گے اور یہ بجلی پاکستان کو بھی دیں گے۔ ساڑھے 4سال بعد کہتے ہیں کہ ہم نے 74میگا واٹ بجلی پیدا کی ہے۔ خان صاحب خدارا ! عوام کو بتائیں کہ آپ کی پیدا کر دہ بجلی کہاں ہے۔ کیا یہ بجلی آسمانوں میں ہے؟ زمین میں ہے یا پہاڑوں میں ہے؟ میرا نیازی صاحب کو مشورہ ہے کہ جتنا جھوٹ بولنا ہے بول لیں ،لیکن خدا کے واسطے اس قوم پر رحم کریں اور گھر چلے جائیں، کیونکہ سیاست آپ کے بس کی بات نہیں۔ اسی جھوٹے خان صاحب نے یہ بھی کہا تھا کہ ہم میٹروبس نہیں بنائیں گے۔وفاقی حکومت سے جو پیسے ملیں گے۔ اس سے ہم سکول ، کالج اور ہسپتال بنائیں گے۔ساڑھے 4سال گزرنے کے بعد پشاور میں میٹرو بس کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے اور اس منصوبے کے نام پر پشاور شہر کو اکھاڑ کر رکھ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے ہمیں موقع دیا تو ہم ہی اس منصوبے کو مکمل کریں گے۔


دوسری طرف زرداری صاحب ہیں جو کہتے ہیں کہ لوٹی ہوئی دولت واپس لاؤں گا۔ میرا انہیں یہی مشورہ ہے کہ یتیموں ، بیواؤں ، بے سہارا افراد اور غریب قوم کی جو دولت انہوں نے لوٹ کر باہر بھجوائی ہے اسے خود واپس لے آئیں ورنہ 2018ء کے الیکشن میں اگر ہمیں خدمت کا موقع ملا تو دنیا کے آخری کونے میں پڑی اس غریب قوم کی کمائی لا کر عوام کے قدموں پر نچھاور کر دیں گے۔روشنیوں کے شہر کراچی کا بیڑہ غرق کر دیا گیا ہے۔ ہر طرف کوڑا، گندگی کے ڈھیر اور ٹوٹی ہوئی سڑکیں عوام کے لئے مشکلات کا باعث بن رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب اور زرداری صاحب اپنے صوبوں میں کچھ نہیں کر سکے ہیں اس لئے اب وہ عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے۔ اسی طرح وہ پنجاب اور لاہور میں آکر ہڑتالوں کی بات کرتے ہیں۔ خان صاحب نے پہلا دھرنا 2014ء میں اسلام آباد میں دیا۔

چین کے صدر نے ستمبر 2014ء میں معاہدوں پر دستخطوں کے لئے پاکستان آنا تھا، لیکن خان صاحب کی ضد اور ہٹ دھرمی کے باعث چین کے صدر کا یہ دورہ موخر ہوا۔جو معاہدے 7ماہ پہلے ہونے تھے وہ اس دھرنے کی وجہ سے اپریل 2015ء میں ہوئے۔ اگر یہ معاہدے 7ماہ پہلے مکمل ہو جاتے تو منصوبے پہلے مکمل ہونے سے پاکستان ترقی کے لحاظ سے کئی گنا آگے بڑھ چکا ہوتا۔ ہم نے دن رات ایک کرکے ان منصوبوں کو پایہء تکمیل تک پہنچایا ہے۔ زرداری اور خان صاحب نے غریب عوام کے خوابوں کو چکنا چور کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ یہ چاہتے تھے کہ قائدؒ اور اقبالؒ کا خواب پورا نہ ہو۔ آصف علی زرداری اور نیازی صاحب نے ترقیاتی منصوبوں میں روڑے اٹکا کر غریب عوام کے خوابوں اور ارمانوں کا خون کیا، عوام اب ان کا محاسبہ کریں گے میں خیبر پختونخوا کے غیور عوام ، مہران کی وادیوں میں بسنے والوں اور بلوچستان کے عظیم بلوچوں سے کہتا ہوں کہ اگر اللہ تعالیٰ نے 2018ء کے انتخابات میں ہمیں کامیابی دی تو پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی، پشاور اور کوئٹہ کو ترقی کے لحاظ سے لاہور بنادیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صحت کے شعبے میں انقلاب برپا کیا ہے۔

تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں نصب کی جا رہی ہیں جو 24گھنٹے عوام کو سی ٹی سکین کی سہولت مفت فراہم کریں گی۔ اب مریضوں کو سی ٹی سکین کے لئے دھکے نہیں کھانے پڑیں گے اور انہیں ہزاروں روپے خرچ کرکے باہر سے سی ٹی سکین کرانے پر مجبور نہیں ہونا پڑے گا۔

مزید :

رائے -کالم -