لاہور چیمبر اور ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت

لاہور چیمبر اور ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشت

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کی رو سے دونوں ادارے مشترکہ مفادات کے حصول اور کاروباری بہتری کے لیے مل کر کام کریں گے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید اور ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان کے صدر ماجد عزیز نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، ایگزیکٹو کمیٹی ممبر اور ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان کے نائب صدر ذکی احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملک طاہر جاوید نے کہا کہ دونوں اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشت بڑی اہم پیش رفت ہے اور اس سے نہ صرف اعتماد سازی پر مشتمل باہمی تعلقات استوار ہونگے بلکہ آجر کے مسائل حل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری شعبے کی ترقی کے لیے آجروں کے مسائل حل کرنابہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا بڑا چیمبرہونے کی حیثیت سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے نجی شعبے کے مسائل اْجاگر کرنے میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے، لاہور چیمبر ایک سسٹم کے تحت کام کرتاہے اور کاروباری شعبہ کے مسائل حل کرنے کے لیے حکومت کو تجاویز بھی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیمینارز ، ورکشاپس اور کانفرنسز کے ذریعے ممبران کی کپیسٹی بلڈنگ بھی لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ذمہ داریوں میں شامل ہے، اس سے نجی شعبے کو دورجدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے میں مدد ملتی ہے۔

ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان کے صدر ماجد عزیز نے بھی دونوں اہم اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان ملک کے آجروں کو عالمی سطح پر پھلنے پھولنے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کررہا ہے ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان کے درمیان اشتراک بڑے دور رس نتائج کا حامل ہوگا۔

مزید : کامرس