فواد حسن فواد شریف برادران کے خلاف سلیمانی گواہ بنے گا،وفاقی اور پنجاب حکومت نے چیئرمین نیب کو خریدنے کی کوشش کی: شیخ رشید احمد
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت نے چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کو لالچ دے کر خریدنے کی کوشش کی، نہ بکنے پر دھمکیوں پر اتر آئے ہیں،احد چیمہ کی گرفتاری سے ان کی چیخیں نکل گئی ہیں، تین چار پکڑے گئے تو نواز سے زیادہ شہباز شریف پھنس جائیں گے، فواد حسن فواد شریف برادران کے خلاف سلیمانی گواہ بنے گا۔
نجی ٹی وی چینل ’’سما نیوز ‘‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جو درخواست دی ہے اس میں عدالت کو کہا ہے کہ ہم الیکشن میں تاخیر نہیں چاہتے ،انتخابات میں کچھ ضابطے طے نہ کئے تو الیکشن فارغ ہوجائے گا ، نمبر 1 امیدوار کی شہرت ، 2فوجداری مقدمات تو نہیں کیونکہ ایسے لوگ بھی ہیں جو منی لانڈرنگ اور ڈرگز مافیا کے اجرتی بدمعاش ہیں،الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد جو فیصلہ دیا ہے میں اس کو مناسب نہیں سمجھتا ، آرٹیکل 62،63کے تحت نواز شریف نااہل ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت نے چیئرمین نیب کو پہلے لالچ دے کر خریدنے کی کوشش کی ،جسٹس (ر)جاوید اقبال نے بکنے سے انکار کیا تو یہ لوگ دھمکیوں پر اتر آئے ہیں،اس سے بھی زیادہ ان لوگوں نے پاک چین اقتصادی راہداری میں کرپشن کی ہے، کرپشن میں 440افراد چین میں پھانسی لگے ہیں تو چار سیکرٹری قید ہوئے اور ان کے ٹرائل ہوئے ۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس وقت نواز شریف سے زیادہ شہباز شریف مشکل میں آجائیں گے ، 30مارچ سے پہلے اہم فیصلے ہونے جارہے ہیں،اس وقت ملک عجیب و غریب حالات میں نظر آرہا ہے ،اس ملک کا بیورو کریٹ چالیس،چالیس لاکھ روپے عوام کے پیسوں سے تنخواہ لے رہا ہے۔اس ملک میں نہ تعلیم ہے نہ ہسپتال، نہ نوکریاں، لوگوں کا قتل عام ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ احد چیمہ کا کیس شہباز شریف کی طرف بڑھ رہا ہے ،یہ لوگ بادشاہت کا ایسا خواب دیکھے بیٹھے تھے جو چکنا چور ہوتا جارہا ہے،نواز شریف درست کہہ رہے ہیں وہ تاحیات نااہل ہونے جارہے ہیں،مجھے انتخابات ہوتے نظر نہیں آرہے، نواز شریف نے سینٹ ٹکٹ خریدنے کی کوشش کی ، نواز شریف اپنا سیاسی تابوت تیار رکھیں، فواد حسن فواد سلیمانی گواہ بنے گا، فواد حسن فواد بھی جلد جیل جائیں گے ۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق کو درد کسی اور کا ہے اور شور کسی اور کا مچا رہے ہیں،انکو پیراگون کا درد ہے ،ملک نے چلنا ہے یا نہیں؟ فیصلہ قوم کرے گی ، عالمی سطح پر پاکستان کو اکیلا کیا جارہا ہے،سعد رفیق نیب لاہور سے ملاقات کیلئے بھیک مانگ رہے ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ ایل ڈی اے کی بلڈنگ میں آگ کس نے لگائی تھی ؟ایک شخص کی گرفتاری پر ان لوگوں کی چیخیں نکل رہی ہیں، آج کل جلسے کروڑوں روپے میں ہوتے ہیں اور میرے پاس جلسوں کے پیسے نہیں ہیں، اس قوم کو جگانے کیلئے دن میں 2بار پروگرام کیے۔ انہوں نے کہا کہ وزریر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف سے متعلق سپریم کورٹ کے پانچ ججز کا فیصلہ کوڑا دان میں ہے،عوام فیصلہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی کے تمام ثبوت عدالت لیکر گیا تھا، پی ایس او کے ٹرمینل موجود ہیں مگر انہوں نے نجی کمپنی کو ٹھیکا دیا،ایل این جی کیس میں میری درخواست پر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ اس کیس کی ابتدائی تحقیقات کراوائی جائیں،پھر ہمارے پاس لائیں ،میں ایل این جی کے تمام ثبوت عدالت لیکر گیا تھا۔