انتخابی تیاریاں مکمل ،امید وار اگلے مہینے فائنل ہوں گے : تحریک انصاف

انتخابی تیاریاں مکمل ،امید وار اگلے مہینے فائنل ہوں گے : تحریک انصاف

لاہور (نمائندہ خصوصی،لیڈی رپورٹر ) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف کا ہوم ورک ہو چکا ہے ہماری انتخابی تیاریاں مکمل ہیں ،انشاء اللہ پارٹی چیئرمین عمران خان قومی اسمبلی کے5حلقوں سے امیدوار ہوں گے جن میں3پنجاب اور باقی2کے پی کے اور صوبہ سندھ سے شامل ہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ اکثر پارٹی امیدواروں کا بھی فیصلہ ہو چکا ہے لیکن حتمی اعلان ایک ماہ کے اندر ہونے کی توقع ہے تاکہ پارٹی امیدوار وں کو گرین سگنل مل سکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا عبدالعلیم خان نے کہا کہ شریف خاندان قابو آ چکا ہے نواز کے بعد شہبا ز پر ہاتھ پڑا تو سارے تتر بتر ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دیگ میں سے پہلا دانا چکھ لیا گیا ہے اور اب ساری دیگ کی شامت آنے والی ہے انہوں نے کہا کہ بہت جلد ن لیگ زیر زمین ہونے والی اور اب یہ سارا ننگوں کا حمام ہوگا ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عمران خان کی قیادت میں طویل سیاسی جدوجہدکی ہے۔ تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے تمام منصوبے مال بنا نے کے لیے شروع کیے ،شہباز شریف کمیشن مافیا کے سرغنہ بن چکے ہیں ، نواز شریف آج کل اپنے جلسوں میں عوام کو گھر دینے کے وعدے کر رہا ہے جبکہ چھوٹا بھائی غریب عوام سے آشیانہ دینے کے نام پر مذاق کررہا ہے آشیانہ سکیم کے نام پر فراڈکیا گیا ۔تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ احد چیمہ کی گرفتاری کی وجہ سے شہباز شریف کی چیخیں نکل رہی ہیں اور ان کی راتو ں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں،احد چیمہ توصرف ایک مہرہ ہے ،پوری پنجاب حکومت مجرم شخص کی ترجمان بنی ہوئی ہے ، اداروں کے خلاف ساز ش کی جارہی ہے اور بغاوت پر اکسایا جارہا ہے ، خواجہ پیراگون کو بھی سانپ سونکھ گیا ہے ، اپنے آپ کو لوہے کے چنے کہنے والوں کو اپنی فکر پڑ چکی ہے ۔انہوں نے شہباز شریف نے ایک ڈھیلے کی نہیں بلکہ اربوں کی کرپشن کی ہے۔تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی شنیلاروت نے کہا ہے کہ نواز شریف اور وزیر،مشیر عدلیہ اور اداروں کے خلاف بیانات دے کر ملک میں افراتفری پھیلا رہے ہیں اور توہین عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں ان کا تدارک از حد ضروری ہے۔تحریک انصاف کے رہنما عبدالسمیع ،ارمغان صادق،عرفان عباسی اور فیصل مختار گوندل نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے ثابت کر دیا کہا پاکستان میں کرپٹ اور نااہل شخص کا کوئی کردار نہیں چلے گا ، نواز شریف ہمیشہ ہمیشہ کے لیے سیاست کے لیے ان فٹ ہو چکے ہیں۔

تحریک انصاف

مزید : میٹروپولیٹن 1