پنجاب ایمرجنسی سروس کے 27ویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

پنجاب ایمرجنسی سروس کے 27ویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

لا ہور (کر ائم رپو رٹر) پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو1122) کے 27ویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں منعقد ہوئی جس میں 31خواتین سمیت پنجاب کے 1300سے زائد ریسکیورز پاس آؤٹ ہوگئے۔ تقریب میں مہمانِ خصوصی وفاقی وزیرِ صحت سائرہ افضل تارڑاور مہمانِ اعزازاسسٹنٹ چیف ایمبولینس آفیسر،ایجوکیشن مینجر آف نیشنل ایمبولینس سروس کالج آئر لینڈ ڈاکٹر شین ناکس تھے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹررضوان نصیر تقریب کے میزبان تھے جبکہ اصغر علی منڈا پارلیمانی سیکرٹری ، ڈی آئی جی نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس مرزا فرحان بیگ، ریسکیو سروسز ہیڈ کوارٹرز اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کی فیکلٹی ،ریسکیورز کے والدین ، عزیزو اقارب نے خصوصی شرکت کی۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے استقبالیہ کلمات میں پاس آؤٹ ہونے والے ریسکیورز کو مبارکباد دی اورپنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں کی سطح پر سروس کے قیام پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیورز کی تربیت کامیاب ایمرجنسی آپریشنز کی صورت میں کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی پنجاب ، خیبر پختوانخواہ، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان اور امن فاؤنڈیشن کراچی کے 20ہزار ریسکیو رز کو پیشہ وارانہ تربیت فراہم کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہم اس پوزیشن میں ہیں کہ اپنی کامیاب سروس کو دیگر سارک ممالک سے شیئر کررہے ہیں ۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ ریسکیورز پاکستان کے وہ بہادر جوان ہیں جو خود کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی زندگیاں بچاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ آندھی ہو یا طوفان، حادثہ ہو یا سانحہ ریسکیورز نے قابلِ قدر پیشہ وارانہ خدمات سر انجام دیں اور اس سے ان کی اعلیٰ معیار کی تربیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں ایمرجنسی سروسز کے قیام کا سہرا حکومت پنجاب کو جاتا ہے جس کی معاونت کی بدولت سروس کا دائرہ کار اب تحصیل کی سطح پر تیزی سے بڑھایا جا رہاہے۔ اس موقع پر نیشنل ایمبولینس سروس کالج آئرلینڈ اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے درمیان معاہدہ پر دستخط ہوئے۔نیشنل ایمبو لینس سروس کالج کے ذریعے تھر ڈ پارٹی ایویلوایشن سے سروس کے معیار کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بر قرار رکھنے کے لیے معاہدہ طے پایا۔ دوسرا معاہدہ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے مابین طے پایا جس کے تحت دونوں ادارے ایک دوسرے کو تربیت میں معاونت فراہم کریں گے۔ پاسنگ آؤٹ کے موقع پر کیڈٹس نے آگ اور دھما کہ کے دوران زخمیوں کی ایمر جنسی مینجمنٹ کرنے کی فرضی مشق کا مظاہرہ بھی کیا۔

مزید : علاقائی