عوا م کی خدمت اوڑھنا بچھونا ، نام نہاد تبدیلی کے دعویداروں کے چہرے بے نقاب ہو چکے : شہباز شریف

عوا م کی خدمت اوڑھنا بچھونا ، نام نہاد تبدیلی کے دعویداروں کے چہرے بے نقاب ہو ...

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ ساڑھے 9برس کے دوران عوام کی بے لوث خدمت کیلئے اپنا خون پسینہ بہایا ہے اور ملک کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کیلئے ہرممکن اقدامات کیے جبکہ دھرنا دینے والوں نے ملک وقوم کا قیمتی وقت ضائع کیا ۔عوام بخوبی جانتے ہیں کہ منفی سیاست کے علمبرداروں نے اپنے صوبے میں بھی عوام کی کوئی خدمت نہیں کی ۔باشعور عوام نے ہمیشہ خدمت کرنے والوں کوآنکھوں پر بیٹھایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نام نہاد تبدیلی کے دعویداروں کے چہرے بے نقاب ہوچکے ہیں ۔عوام منفی سیاست کرنیوالوں کو آئندہ الیکشن میں مسترد کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ترقی سب کے سامنے ہے، ترقی اورمیگا پراجیکٹس پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پہچان بن چکے ہیں ۔معیار اورشفافیت کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ(ن) کا انداز ہے ۔پنجاب نے میگاپراجیکٹس میں اربوں روپے کی بچت کر کے تاریخی مثال قائم کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں کی یکساں ترقی کے وژن پر عمل پیر اہیں۔صوبے کے دیہی علاقوں کو شہروں کے برابر ترقی یافتہ بنانے کیلئے کوشاں ہیں ۔پنجاب کے دیہات میں صفائی کا منظم پروگرام جاری رہے گا۔ سرکاری ہسپتالوں میں عالمی معیار کی ادویات کا وعدہ پورا کیا ہے ۔ضلعی ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینوں کی تنصیب کے خاطرخواہ نتائج سامنے آرہے ہیں اورتعلیم ،صحت،زراعت میں اصلاحات سے سروس ڈیلیوری میں بہتری آرہی ہے ۔وزیراعلی نے کہاکہ ملک کو اندھیروں سے نجات دلانے کا سہراہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سر ہے اور بڑے ترقیاتی اورتوانائی کے منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کر کے ایک مثال قائم کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں 682ارب روپے کی بچت کر کے ملک کی تاریخ میں نیاریکارڈ قائم کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی خدمت اوڑھنا بچھونا ہے اوررہے گا۔ہر سانس عوام کی خدمت اورملک کی ترقی کیلئے وقف ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہا رمنتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیربرائے انسانی حقوق ممتاز احمد تارڑ،ایم این اے معین وٹواور ایم پی اے خالد محمودچیمہ شامل تھے۔شہبازشریف سے مشاہد حسین سید نے ملاقات کی ،جس میں سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امو رپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وطن عزیز کو اقوام عالم میں سربلند اور خود مختار دیکھنا چاہتے ہیں۔شہبازشریف سے وفاقی وزیرریلویزخواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے اموراورملکی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال ،تحمل اوربرداشت کی متقاضی ہے اورترقی اورخوشحالی کے سفر کو ڈی ریل نہیں کیا جاسکتا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ شہبازشریف نے عوامی خدمت کے اعلی ریکارڈقائم کر کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ملاقات میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق بھی موجود تھے ۔ شہباز شریف نے لائن آف کنٹرول پرنکیال سیکٹرمیں بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے ۔وزیراعلیٰ نے بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری کی شہادت پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے اور شہید ہونے والے شہری کے لواحقین سے دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارتی فوج کا شہری آبادی کونشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت فعل ہے۔پاکستان کی بہادر مسلح افواج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔وزیراعلیٰ نے بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔

مزید : صفحہ اول