احد چیمہ میں شہباز شریف کی جان ، افسر شاہی ملک کے بجائے شریف فیملی کی خدمتگار فواد حسن فواد بیورووکریسی کا ’’گاڈ فادر‘‘ کرپٹ ٹولہ خود کو قانون سے بالا تر سمجھتا ہے : عمران خان

احد چیمہ میں شہباز شریف کی جان ، افسر شاہی ملک کے بجائے شریف فیملی کی خدمتگار ...

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایل ڈی اے کے سابق ڈائریکٹر احد چیمہ کی گرفتاری پر کہا ہے احد چیمہ وہ طوطا ہے جس میں شہبازشریف کی جان ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکامزید کہنا تھا احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد ہڑتالیں اور پوسٹروں کی مہم شروع ہوگئی، احد چیمہ نہ ہوا نیلسن منڈیلا ہوگیا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ احد چیمہ شہباز شریف کا فرنٹ مین ہے، یہ ایسا آدمی تھا جو اربوں کے منصوبے دیکھ رہا تھا۔اپنے کینسرہسپتال کی لاگت سے موازنہ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا احد چیمہ پر 14 ارب روپے کے آشیانہ ہاؤسنگ منصوبے میں گھپلوں کا الزام ہے جبکہ پشاور میں شوکت خانم میمو ر یل کینسر ہسپتال 4 کروڑ میں بنا، حالانکہ ایک کینسرہسپتال کافی مہنگا ہوتا ہے۔عمران خان نے کہا ان لوگوں نے چن کر اپنے خاص بیوروکر یٹس اداروں میں بٹھائے ہوئے ہیں، جن میں فواد حسن فواد، آفتاب سلطان، قمر زمان چوہدری، زاہد سعید، سبطین فضل علیم اور دیگر شامل ہیں ۔پریس کانفرنس میں عمران خان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو بیوروکریسی کا 'گاڈ فادر' قراردیا اور انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے سربراہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا آفتاب سلطان حلقوں کا انتخاب کر رہے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کا کون سا امیدوار جیت سکتا ہے اور کون نہیں، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا آئی بی کا کام حلقے چننا نہیں ۔ سابق ڈی جی نیب قمر زمان چوہدری بھی ان کے خاص بندے تھے، جن کو انہوں نے حدیبیہ پیپر ملز میں خود کو بچانے کیلئے استعمال کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو 'چھوٹا ڈان' قرار دیتے ہوئے عمران خان نے کہا انہوں نے 9 سال میں 9 ٹریلین روپے خرچ کیے، وہ ڈان والی ٹوپیاں پہنتے ہیں۔انہوں نے احد چیمہ کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد پنجاب کی بیوروکریسی میں ہلچل اور احتجاج پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا بیوروکریٹ کا کام ملک کی خدمت کرنا ہے، شریف خاندان کی نہیں،احد چیمہ کی گرفتاری پر بیوروکریسی کا احتجاج بھی شرمناک ہے۔گاڈ فادر شہباز شریف کی سربراہی میں کرپٹ ٹولہ خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے، اگر اس ٹولے کے ہاتھ صاف ہیں تو احتساب سے کیوں گھبراتا ہے؟

عمران خان

مزید : صفحہ اول