بھارتی فوج کی پھر ایل او سی پر فائرنگ ، ایک شہری شہید 3زخمی

بھارتی فوج کی پھر ایل او سی پر فائرنگ ، ایک شہری شہید 3زخمی

نکیال ،راولپنڈی، بڈیانہ، اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، آئی این پی،نامہ نگار، صباح نیوز) بھارتی فوج کی ایل او سی پر نکیال سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری شہیداور 3 زخمی ہو گئے ،پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی میں شہریوں کو نشانہ بنانے والی چوکی کو نشانہ بنایا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق بھارت فوج نے کنٹرول لائن پر نکیال سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں شہری فاروق شہید اور 3 زخمی ہو گئے۔آئی ایس پی آر کا کہناتھا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی سے 1200 میٹردور تھرٹی نڑ گاؤں کو نشانہ بنایا گیا ، زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال نکیال منتقل کردیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی جس میں شہریوں کو نشانہ بنانے والی بھارتی چوکی کو نشانہ بنایا گیا۔پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرجے پی سنگھ کو دفترخارجہ طلب کر کے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ پر شدید احتجاج کیا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ حوالے کیاگیا ہے ، جس میں ایل اوسی پربھارت کی جانب سے فائرنگ پر شدید احتجاج کیا گیا ہے۔دوسری جانب بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کی جانب سے سیالکوٹ جموں ورکنگ باؤنڈری کے قریب پاکستانی دیہات پر فائرنگ اور شیلنگ سے شہید اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین کی طرف سے بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کے خلاف پاکستانی تھانوں سبز پیر،پھلورہ،تھانہ کینٹ سیالکوٹ اور تھانہ کوٹلی سید امیرمیں معصوم شہریوں کو قتل،زخمی اور املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں پولیس نے مجموعی طور پر 12مقدمات درج کرلئے۔واضح رہے پاکستانی تاریخ میں پہلی بار ورکنگ باؤنڈری کے قریب پاکستانی دیہات پر بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کی فائرنگ اور شیلنگ کے خلاف پاکستانی تھانوں میں بھارتی سکیورٹی فورس کے خلاف 12مقدمات درج کئے گئے ۔

بھارتی فائرنگ/مقدمات

بڈیانہ(نامہ نگار) پاکستا ن رینجرز اور بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کے سیکٹر کمانڈر ز کی فلیگ میٹنگ گزشتہ روزسیالکوٹ جموں ورکنگ باؤنڈری کی سچیت گڑھ پوسٹ پر منعقد ہوئی ،پاکستانی وفد کی قیادت سیکٹر کمانڈر بریگڈیئر امجد حسین نے کی جبکہ بھارتی وفد کی قیادت بی ایس ایف کے سیکٹرکمانڈر بریگڈیئر پی ایس دمن نے کی۔ اس موقع پر دونوں طرف سے ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر قائم رکھنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ ورکنگ باؤنڈری کے اطراف دیگر اہم ایشوز بھی زیر غور آئے ۔پاکستانی وفد میں 11جوان شامل تھے جبکہ بھارت کی طرف سے9اہلکاروں نے میٹنگ میں شرکت کی۔ یاد رہے کہ سچیت گڑھ میں دونوں سیکٹر کمانڈرز نے قبل ازیں امسال 25جنوری کو فلیگ میٹنگ کی تھی جس کے بعد ورکنگ باؤنڈر ی پر فائرنگ اور شیلنگ کا سلسلہ رک گیا تھا ۔

فلیگ میٹنگ

مزید : صفحہ اول