یورپی یونین کا بجٹ کے حوالے سے اجلاس برسلز میں شروع ہو گیا

یورپی یونین کا بجٹ کے حوالے سے اجلاس برسلز میں شروع ہو گیا

برسلز(این این آئی)یورپی یونین کے بجٹ کے حوالے سے اس بلاک میں شریک ممالک کا سربراہی اجلاس برسلز میں شروع ہو گیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس اجلاس میں یورپی یونین کے مالی منصوبوں اور پیسے کی تقسیم کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔مہاجرین کو قبول کرنے والے اور یورپی اقدار پر پورا اترنے والے ممالک کو زیادہ فنڈز مہیا کرنے کی تجویز دی گئی ہے لیکن پولینڈ نے شروع میں ہی اس کی مخالفت کر دی ہے۔اس اجلاس میں برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے شریک نہیں ہیں۔ جبکہ اس اجلاس کے دوران برطانیہ کے یورپی یونین سے الگ ہونے کے بعد اس بلاک کے بجٹ پر خاص طور پر غور کیا جائے گا۔یاد رہے کہ برطانیہ یورپی یونین سے آئندہ برس یعنی 2019ء کے مارچ تک باقاعدہ طور پر الگ ہو جائے گا۔ برطانیہ دنیا کے اس سب سے بڑے بلاک سے الگ ہونے والا پہلا ملک ہو گا۔ تاہم اس سے قبل یہ ضروری ہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے الگ ہونے سے متعلق یا بریگزٹ کے حوالے سے جاری مذاکرات رواں برس کے آخر تک مکمل ہو جائیں۔ کیونکہ اس حوالے سے کسی معاہدے پر عملدرآمد سے قبل یہ ضروری ہو گا کہ یورپی یونین کے رکن تمام ممالک کی پارلیمان اس کی توثیق کریں۔یورپی یونین کے ایگزیکٹیو کمیشن کے اندازوں کے مطابق برطانیہ کے الگ ہونے کی صورت میں یورپی یونین کو ملنے والے حصے میں 12 بلین یورو کی کمی واقع ہو جائے گی۔

تاہم برطانیہ اس بات کی حامی بھر چکا ہے کہ وہ 2020ء تک یورپی یونین کے بجٹ میں اپنا حصہ ادا کرتا رہے گا۔

مزید : عالمی منظر