موجود ہ حالات میں گھبرانے کی ضرورت نہیں ، جلد بہتر ی آجا ئیگی : صدر مملکت

موجود ہ حالات میں گھبرانے کی ضرورت نہیں ، جلد بہتر ی آجا ئیگی : صدر مملکت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (سٹاف رپورٹر،آئی این پی ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے بعض گمراہ عناصر نے بدامنی پیدا کرکے کراچی کو بہت نقصان پہنچایا لیکن حکومت کی درست حکمت عملی اور بروقت اقدامات کے نتیجے میں کراچی میں امن بحال ہوچکا، اب اس یہ شہراور پاکستان کی ترقی کا را ستہ کوئی نہیں روک سکتا۔ ملک کی سمت درست ہے، حکومت کی کارکردگی سے بہتری پیدا ہوئی۔صدر مملکت نے یہ بات مادر ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کے قائم کردہ’’ خاتون پاکستان گرلزسکول‘‘ کے دورے کے موقع پرکہی جہاں انہیں سکول میں جاری تعلیمی عمل اور اس میں بہتری لانے کے سلسلے میں زندگی ٹرسٹ کی خدمات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔اس موقع پر زندگی ٹرسٹ کے سربراہ شہزاد رائے ، وفاق اور سند ھ کے اعلیٰ حکام کے علاوہ کراچی کے مخیر حضرات بھی موجود تھے۔صدر مملکت ممنون حسین کامزید کہنا تھا ملک میں مسائل اور پریشانی کے وا قعا ت ہوتے رہتے ہیں ، ان سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ، موجودہ حالات میں بھی بہت جلد بہتری آجائے گی اور ملک ترقی کے را ستے پر گامزن رہے گا، ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ تعلیم کے بغیر ممکن نہیں،ماضی میں تعلیم سمیت بہت سے شعبے نظر انداز ہوئے جبکہ نیشنلا ئز یشن سے کئی قسم کے مسائل پیدا ہوئے، اس صورتحال سے نکلنے کے لیے نجی شعبہ تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے جبکہ زندگی ٹرسٹ اور اس کے سربراہ شہزاد رائے نے بھی اس سلسلے میں قابل قدر کام کیا ہے، نجی شعبہ تقلید کرکے تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے ۔ گھوسٹ سکولوں سے تعلیم کی شرح میں کمی واقع ہوئی، موجودہ حکومت گھوسٹ سکولوں کو ختم کرکے تعلیم کے فروغ کی پالیسی پر کاربند ہے ۔ قو می ترقی کیلئے خواتین کی تعلیم ناگزیر ہے جبکہ پرائمری تعلیم کا شعبہ مکمل طور پر خواتین کے پاس ہونا چاہئے ،وزارت تعلیم اس منصوبے پر کام کررہی ہے۔ انھوں نے طالبات کو نصیحت کی کہ وہ اپنی دلچسپی کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کریں، اس مقصد کیلئے بیرون ملک بھی جانا پڑے تو ضرور جائیں لیکن اس دوران وہ پاکستانی اقدار کا ضرورخیال رکھیں کیونکہ اجنبی تہذیبوں کی اندھی تقلید سنگین معاشرتی مسا ئل پیدا کرتی ہے۔ کراچی فراغ دل لوگوں کا شہر ہے، خیر کے کاموں کیلئے سب سے زیادہ چیریٹی کرتا ہے ، اس شہر کے تاجروں و صنعتکاروں نے عوامی فلاح و بہبود کے بڑے بڑے منصوبے مکمل کیے ہیں جو قابل ستائش ہیں۔ صدر مملکت اس موقع پر مختلف کلاس رومز میں بھی گئے اور بچوں سے بات چیت کی جبکہ مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات تحریر کیے اورسکول کی بچیوں کو تحائف پیش کیے۔

مزید :

علاقائی -