آزاد جموں کشمیر میں خطبہ کیلئے موضوعات کا تعین ، نوٹیفکیشن جاری

آزاد جموں کشمیر میں خطبہ کیلئے موضوعات کا تعین ، نوٹیفکیشن جاری

مظفرآباد(آئی این پی)ختم نبوت بل کے بعد آزادکشمیر میں خطبہ جمعہ کیلئے موضوعات کا تعین کر دیا گیا،سیکرٹریٹ امور دینیہ و محکمہ اوقاف نے اسلامی نظریاتی کونسل کے فیصلوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ، ریاست کی 61مساجد میں تین ماہ کیلئے کم از کم ہر ماہ دو جمعہ کے خطبات میں جب موضوعات کا تعین کیا گیا ہے ان میں اسلام میں امر باالمعروف و نہی عن المنکر کی اہمیت ،اسلام کا خاندانی نظام میں والدین اور اولاد کے حقوق وفرائض و وراثت کے حقوق ،اسلام میں رشوت ستانی کی ممانعت ،شادی بیاہ و نکاح کی تقریبات کے سلسلے میں اسلامی احکامات و تعلیمات اور رسومات بد کا خاتمہ ،اسلام میں بچوں کی دینی اور اخلاقی تربیت کی اہمیت ،ختم نبوت ؐ کی اہمیت ،زکواۃ کے مسائل ،معراج النبیؐ کی اہمیت اور امت مسلمہ کی راہنمائی شامل ہیں ،جن پر علماء کرام روشنی ڈالیں گے،چیف جسٹس آزادجموں وکشمیرو چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے چارج سنبھالتے ہی اولین اجلاس میں اسلامی فلاحی ریاست کے قیام اور فلاح و اتحاد امت کیلئے جمعہ کے خطبات میں موضوعات کی یکسانیت پر زور دیا تھا ،اس مقصدکیلئے آزادجموں وکشمیر کے تمام مکاتب فکر کے علما سے گفت و شنید ،مرکزی ،ضلعی اور تحصیل سطح پر ملی رابطہ کونسل تشکیل دی گئی اور آخر کار پوری ریاست سے تقریباً 100کے قریب علمائے کرام نے مظفرآباد میں اپنی ذمہ داریوں کا حلف بھی لیا ،ملی رابطہ کونسل کے اتفاق اور اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر آزادکشمیر میں پہلی بار باقاعدہ طور پر خطبہ جمعہ کیلئے موضوعات کا تعین کیا گیا ہے ۔

خطبہ جمعہ /موضوعات

مزید : علاقائی