کوئٹہ ، پشاور نے لاہور اور اسلام آباد کو پچھاڑ دیا

کوئٹہ ، پشاور نے لاہور اور اسلام آباد کو پچھاڑ دیا

دبئی(نیٹ نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری میں کامران اکمل کی جارحانہ بلے بازی، عمید آصف اور ابتیسام کی شاندار باؤلنگ کی بدولت پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو با آسانی 34 رنز سے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہورقلندرز کو9وکٹوں سے ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کر لی، تفصیل کے مطابق لیگ کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، کامران اکمل نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 53 رنز کی اننگز کھیلی، جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 142 رنز بنا سکی، فہیم اشرف کی 54 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آئی، عمید آصف نے 4 اور ابتسام نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سپرلیگ کے پانچویں میچ میں شین واٹسن اور اسد شفیق کی بیٹنگ اور محمد نواز کی شاندارباؤلنگ کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔کوئٹہ نے ٹاس جیت کرفیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز برینڈن مکلم اور سنیل نارائن نے کیا اور دونوں نے ابتداء سے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔ سنیل نارائن 10 گیندوں پر 28 ، برینڈن مکلم 30 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔دیگرکھلاڑی سکورمیں خاطرخواہ اضافہ نہ کرسکے۔کوئٹہ کی جانب سے محمد نواز نے اپنے چار اوورز میں محض چار رنز ہی دیے اور دو وکٹیں بھی حاصل کیں اوربہترین کھلاڑی قرارپائے ۔ جوفرا آرچر نے بھی 23 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں کھیلتے ہوئے کوئٹہ نے 120کاہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔افتتاحی بلے بازوں شین واٹسن اور اسد شفیق کے د رمیان 92 رنز کی شراکت قائم ہوئی ۔اسد شفیق 38اورعمراکمل 13رنزپرناٹ آؤٹ رہے۔ شین واٹسن 66رنز بناکرآؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی تھے انہیں لاہورکے سنیل نارائن نے آؤٹ کیے۔

B

مزید : کھیل اور کھلاڑی